• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلب میں اضافہ اور سپلائی میں کمی، برطانیہ گیس بحران کی طرف گامزن

لندن (سعید نیازی) برطانیہ گیس کے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ گیس کی طلب میں اضافہ اور سپلائی میں کمی ہے۔ انڈسٹری گروپ آئل اینڈ گیس کے مطابق رواں برس جنوری کے بعد گیس کی ہول سیل قیمت میں 250 فیصد جبکہ صرف اگست میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی طرف سے انرجی پرائس کیپ کے سبب تمام صارفین کو فوری طور پر گیس کے بڑھتے ہوئے بلز کی قیمت ادا نہیں کرنی پڑے گی، لیکن متعدد گیس کمپنیوں کیلئے یہ ناممکن ہوگیا ہے کہ وہ مہنگی گیس خرید کر پرانی قیمت پر ہی صارفین کو فراہم کریں۔ جس کے سبب خیال ہے کہ آنے والے چند دنوں میں متعدد چھوٹی کمپنیاں دیوالیہ ہو سکتی ہیں تاہم حکومت ایسی کمپنیوں کو ایمرجنسی قرضے فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ 2021ء کے آغاز میں 70 انرجی سپلائرز مارکیٹ میں موجود تھے لیکن انڈسٹری ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سال کے اختتام تک ان کی تعداد صرف 10 رہ جائے گی۔ انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں پہلے ہی 15 ملین گھروں کے انرجی بلز میں اکتوبر سے 12 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ جو چھوٹی کمپنیاں موجودہ بحران کے سبب بند ہونگی ان کے صارفین کو نئی کمپنیوں سے مہنگے ٹیرف ملیں گے۔ گیس کے بحران کے سبب کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سپلائی بھی متاثر ہو رہی ہے جو کہ جانوروں کو ذبح کرنے سے قبل ’سٹن‘ کرنے، آئس کریم بنانے، پھل اور سبزیوں کو اسٹوریج میں تازہ رکھنے کے کام آتی ہے۔ گیس کی کمی کی وجوہات میں یورپ میں سرد موسم کے سبب گیس کی طلب کا بڑھنا، روس میں گیس کی کمی اور ایشیاء میں مائع کی شکل میں گیس کی طلب میں اضافے کو قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین