• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر پر ڈیبی ابراہم کا بحث کرانے کا خیرمقدم کرتے ہیں، فہیم کیانی

برمنگھم(پ ر) برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹی کشمیر گروپ کی چیئر پرسن ڈیبی ابراہم کا 23ستمبر کو پارلیمنٹ کے فلور پر مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال، انسانی حقوق کی پامالیوں پر بحث کرانے کا تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بھارتی حکومت کے غیر قانونی، غیر انسانی اقدامات اور ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے، بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ دو سال سے جس طرح کے حالات پیدا کر رکھے ہیں انہیں اجاگر کرنے اور مودی حکومت کا گھنائونا چہرہ اور سازشوں کو بے نقاب کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مختلف ممبران پارلیمنٹ کے حلقوں میں پٹیشن کا آغاز کر دیا ہے، ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقاتیں اور خطوط کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے مرکزی رہنما، برانچ ناظمین، کمیونٹی کے سرکردہ رہنما اور کونسلرز نے رابطے اور لابنگ شروع کر دی ہے تا کہ بڑی تعداد میں ممبران پارلیمنٹ اس بحث میں شرکت کر کے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت، ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ فہیم کیانی نے کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت کے بعد بھارتی حکومت نے ان کی میت اور ان کےخاندان کے ساتھ جو توہین آمیز سلوک کیا اس حوالے سے بھی ممبران پارلیمنٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت بھارت کے ان اقدامات پر مودی حکومت کو جوابدہ بنوائے ، بھارت انسانی حقوق کی پامالیوں کا مرتکب ہو اہے اور بھارت میں کوئی جمہوریت اور انسانی حقوق نہیں ہیں،برطانیہ اس کا نوٹس لے اپنے سفارتی تعلقات کو بروئے کار لا کر اس پر بھرپور احتجاج کیا جائے ۔
تازہ ترین