• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

COP26 سمٹ سے قبل کلائمٹ سے متعلق وعدوں پر عمل درآمد مشکل

لندن (پی اے) وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ نومبر میں گلاسگو میں ہونے والی COP26 سمٹ سے قبل کلائمٹ سے متعلق وعدوں پر عملدرآمد بہت مشکل ہے۔ انھوں نے کہا کہ توقع ہے کہ صرف 60 فیصد ممالک ہی کلائمٹ کی تبدیلی سے متعلق COP26 کانفرنس سے قبل اپنے اہداف پورے کرسکیں گے۔ وزیراعظم جو ان دنوں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ میں ہیں، عالمی برادری پر کلائمٹ کے فیصلے پر ٹھوس کارروائی کیلئے زور ڈالیں گے لیکن ان کا کہنا ہے کہ اتحادی ممالک کو کاربن کے اخراج میں کمی کیلئے ترقی پذیر ممالک کو وعدے کے مطابق 100 بلین ڈالر فراہم کرنے پر مجبور کرنا بہت مشکل ہوگا۔ انھوں نے بین الاقوامی تجارت کی نئی وزیر این میری Trevelyan کی کلائمٹ چینج سے متعلق سابقہ پوسٹس کا، جس میں انھوں نے کلائمٹ چینج کی سائنس ہی کو مسترد کردیا تھا، یہ کہہ کر دفاع کیا کہ پہلے وہ بھی عالمی حدت کے حوالے سے کارروائی کی حمایت نہیں کرتے تھے لیکن حقائق تبدیل ہوئے ہیں اور لوگوں نے اپنے ذہن تبدیل کئے ہیں۔ توقع ہے کہ وزیراعظم اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شریک کم وبیش 100 عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے دوران اس حوالے سے کارروائی پر بات چیت کریں گے۔ تاہم دوران پرواز صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ہفتے یہ سب کچھ کرلینا بہت مشکل ہے لیکن لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ یہ پوری دنیا کیلئے بہت نازک وقت ہے۔ ڈائوننگ اسٹریٹ کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک سالانہ 100 بلین ڈالر کا ہدف پورا کرنے میں اجتماعی طورپر ناکام ثابت ہوئے ہیں، گزشتہ ہفتہ OECD کے اعدادوشمار کے مطابق کلائمٹ چینج سے متعلق مالی امداد کی مد میں 2019 کے دوران 100 بلین ڈالر کے بجائے صرف 79.6 بلین ڈالر جمع ہوسکے تھے۔ COP26 کے صدر الوک شرما نے، جو وزیر اعظم کے ساتھ ہیں، قبل ازیں بتایا تھا کہ چین کے صدر زی جن پنگ نے ابھی تک کانفرنس میں شرکت کی توثیق نہیں کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شرما نے چینی رہنمائوں سے یہ معلوم کرنے کیلئے کہ وہ کیاچاہتے ہیں، طویل مذاکرات کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس کانفرنس میں چین کا شریک ہونا بہت ضروری ہے اور میرے خیال میں چین نے اس حوالے سے مثبت اشارے دیئے ہیں۔ اپنے اس دورے میں وزیراعظم واشنگٹن بھی جائیں گے، جہاں وہ امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ اس ملاقات میں وہ برطانیہ اور امریکہ کے درمیان سفر بحال کرنے پر زور دیں گے، جس پر بائیڈن کی انتظامیہ نے سفری پابندیوں میں دوسرے ممالک کیلئے کی گئی نرمی کے باوجود پابندی عائد کر رکھی ہے۔
تازہ ترین