• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا کی مشاورت سے سروسز بہتر بنائیں گے، قونصلیٹ کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں، عدنان رشید

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی، ابرار مغل، صائمہ ہارون) پاکستان ویزہ نادرا کارڈ اور ایمرجنسی سروسز سمیت دیگر معاملات کے لیے پاکستان قونصلیٹ برمنگھم کے دروازے کمیونٹی کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔ہم کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا کی مشاورت سے سروسز کو مذید بہتر بنائیں گئے۔ برمنگھم میں نئے قونصلر جنرل سردار عدنان رشید کی برمنگھم کے صحافیوں، قلم کاروں، کالم نگاروں اور رپورٹرز سمیت دیگر صحافیوں سے قونصلیت آفس برمنگھم کے اڈوٹوریم ہال میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس میٹنگ کا انعقاد وائس قونصلر جنرل سردار محمد خان خٹک اور میڈم سعدیہ ملک نے کیا تھا۔سردار عدنان رشید کا مذید کہنا تھا ہم اپنے پیش رو قونصلر جنرل احمر اسمعیٰل کی طرح سروسز مہیا کریں گے۔ اس موقع پر سینٹرل پاکستان پریس کلب برمنگھم مڈلینڈ کے صدر آصف محمود براہٹلوی، جنرل سیکرٹری ناصر محمود راجہ، رب نواز چغتائی، ابرار مغل، محترمہ صائمہ ہارون، زاہد محمود خٹک، ماجد خٹک، خاور بشیر، تیمور شہزاد، شعیب راجپوت ،سردار عرفان طاہر، بشارت چوہدری و دیگر موجود تھے۔ سردار محمد خان خٹک کی تعارفی نشست کے بعد آصف محمود براہٹلوی نے برمنگھم میں آباد کمیونیٹی کے حوالے سے بریف کیا، پاکستان سے باہر سب سے زیادہ پاکستانی و کشمیری برمنگھم میں آباد ہیں۔ زیادہ کمیونٹی ہونے کی وجہ سے مسائل بھی زیادہ ہیں لیکن کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اپائنٹمنٹ سسٹم بہتر ہوا ہے۔ سردار عدنان رشید کا مذید کہنا تھا کہ چند ہفتے قبل ہی برمنگھم آمد ہوئی، پاکستان ڈے کی تقریب دیکھنے کا موقع ملا۔ یقین جانیے یہاں پر آباد اوورسیز کمیونٹی کا جذبہ حب الوطنی دیکھ کر رشک آتا ہے۔ وطن کی محبت سے سرشار پاکستانیوں کی پاکستان کے قومی دن، یوم آزادی اور یوم دفاع میں دلچسپی دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وطن سے دور رہ کر بھی کتنے قریب ہیں۔ سردار عدنان رشید کا مذید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی ہر ممکن کوشش رہتی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کریں۔روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس دراصل اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک منافع بخش سہولت ہے۔ آپ یہاں بیٹھ کر ملک کے اندر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور یہاں کے بینکوں کی نسبت زیادہ پرافٹ کما سکتے ہیں۔ حکومت پاکستان کی کوششوں سے بالآخر پاکستان ریڈ لسٹ سے نکل کر امبر لسٹ میں آ گیا ہے۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے فارن آفس اور ہائی کمیشن لندن کوشاں تھے اور اب پاکستان پر برطانیہ کی جانب سے فضائی پابندیاں ختم ہو گئیں۔ آئندہ بھی اس طرح کی مشاورتی میٹنگز ہوتیں رہیں گی، صحافی برادری معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں۔ اگر کوئی سروسز میں کمی بیشی رہ گئی ہو تو ہمیں گائیڈ کریں۔
تازہ ترین