• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولینڈ کے تعلیمی اداروں سے اشتراک کیلئے پاکستانی سفیر کی کوششیں

برسلز/ وارسا ( حافظ انیب راشد ) پولینڈ کے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ مشترکہ تعلیمی پروگرام شروع کرنے کیلئے پو لینڈ میں پاکستانی سفیر محمد فاروق ملک نے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں ۔ اس حوالے سے انہوں نے پولینڈ کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دورہ کیا جن میں یورپ کی قدیم ترین جاگلونین یونیورسٹی کراکوو،پوزنان یونیورسٹی، وارسا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، وستولا یونیورسٹی وارسا، وارسا اسکول آف اکنامکس اور لارڈز میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے طلبہ کا زیادہ تر رجحان امریکہ، برطانیہ اور اسی طرح کے معروف تعلیمی مراکز کی جانب نظر آتا ہے جب کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ اس کے طالب علم دنیا کے دوسرے خطوں کے علم سے بھی فیضیاب ہوں اور ان کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلیمی اداروں کا اشتراک ہو۔ سفیر پاکستان نے مزید بتایا کہ ان تمام ملاقاتوں کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پولینڈ کے تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کی بہت گنجائش موجود ہے۔ یہاں کے تمام بڑے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم انگریزی زبان میں حاصل کی جا سکتی ہے اور ان اداروں میں تعلیمی اخراجات بھی مناسب ہیں۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ بہت جلد اس حوالے سے عملی اقدامات سامنے آجائیں گے۔
تازہ ترین