• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس نیٹ توسیع آرڈیننس کا مقصد کاروباری برادری کو ہراساں کرنا نہیں، وزیر خزانہ

کراچی (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ لوکل ٹیکسز اور لیویز (ڈی ایل ٹی ایل) کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے اوریہ جاری رہے گا‘تاجر برادری کے تمام کلیمز کی بروقت ادائیگی کی جائے گی کیونکہ بجٹ میں اس مقصد کے لیے پہلے ہی فنڈز مختص کیے جا چکے ہیںاور پچھلے مالی سال کے 32 ارب روپے کے زیر التوا کلیمز بھی اگلے 6 ماہ میں ادا کردیے جائیں گے‘ٹیکس نیٹ میں توسیع کے نئے آرڈیننس کا مقصد تاجروں اورصنعت کاروں کو ہراساں کرنا نہیں ‘انڈر فائلرز پر کے سی سی آئی کے خدشات دور کئے جائیں گے۔ وزیرخزانہ نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں بزنس مین گروپ (بی ایم جی) اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کے سی سی آئی کو مشورہ دیا کہ وہ ایک وفد اسلام آباد بھیجے تاکہ نئے آرڈیننس پر پائے جانے والے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم ‘مشیر تجارت‘وزیر توانائی اوروزیر صنعت و پیداوارکے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام کرکے موقع پر ہی تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ شوکت ترین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ آرڈیننس کا مقصد کسی کومتاثر کرنا نہیں ہے بلکہ یہ آرڈیننس خالصتاً نان فائلرز اور انڈر فائلرز کے لیے ہے جو زیرو ٹیکس فائل کرتے ہیں۔

تازہ ترین