• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PPL نے نجی شعبے کو نومبر میں LNG درآمد کرنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پی ایل ایل نے نجی شعبے کو نومبر میں ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے اشتہار آج دیا جائے گا۔ جب کہ پی ایل ایل نے نجی شعبے کو کارگو سیکورٹی اخراجات کا صرف 10 فیصد ادا کرنے کی چھوٹ دی ہے،تاہم، نجی کمپنیوں نے اس اقدام پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے نجی شعبے کو نومبر، 2021 کے لیے ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کی وجہ یہ پیش گوئی ہے کہ مذکورہ مہینے میں عالمی مارکیٹ میں ایل این جی قیمت 27.75 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو رہے گی۔ نجی کمپنیوں نے پی ایل ایل کے اس اقدام پر شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر کے مہینے میں جب ایل این جی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہوں گی، اس وقت سرکاری کمپنی نے نجی شعبے کو ایل این جی درآمد کرنے کی پیش کش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے کے ایم (جاپان کوریا مارکر) نے نومبر کے مہینے کے لیے ایل این جی قیمت 27.75 ایم ایم بی ٹی یو ہونے کی پیش گوئی کی ہے اور پی ایل ایل نے نجی شعبے کو ایل این جی بندوبست کرنے کے لیے 30 روز کا وقت دیا ہے جو کہ انتہائی مشکوک ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چوں کہ پی ایل ایل 600 ایم ایم سی ایف ڈی کی صلاحیت کے مطابق نومبر کے مہینے میں ایل این جی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اس لیے اب اس نے نجی شعبے سے اس غیراستعمال شدہ جگہ کے لیے ایل این جی درآمد کرنے کا اشتہار دیا ہے۔ لیکن نجی شعبے کے لیے اتنی قلیل مدت میں ایل این جی کا بندوبست کرنا آسان نہیں ہوگا۔ صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ روس نے سیاسی وجوہات کے پیش نظر یورپ کے لیے قدرتی گیس کی فراہمی میں کمی کردی ہے۔

تازہ ترین