• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انکار کی قیمت چکائی، دنیا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے تو اس کے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، سیریز منسوخی کے خلاف تمام آپشنز استعمال کریں گے، فواد چوہدری

سیریز منسوخی کے خلاف تمام آپشنز استعمال کریں گے، فواد چوہدری


اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ٹی وی رپورٹ) وفاقی کابینہ نے گریڈ ایک تا 22کےسرکاری ملازمین کے ہائوس رینٹ سیلنگ میں 44 فیصد اضافے ‘ ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کرنے ‘ خاندانی تنازعات کے حل کیلئے اسلام آباد میں آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولیوشن(اے ڈی آر) سینٹر کے قیام‘ سید رافعو بشیر شاہ کو چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی )‘سرور اقبال کو نیشنل بنک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بطور ممبر‘عاصم رؤف کو تین ماہ کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی‘سید ندیم حسین رضوی کو ممبر ایڈجیو ڈیکیٹنگ اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں تھا۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں اس لیے نہیں آئیں کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی اڈے دینے سے انکار کیا تھا‘دنیا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہیں تو اس کے نتائج کا سامنا تو کرنا ہوگا ‘کرکٹ سیریز کی منسوخی کیخلاف قانونی چارہ جوئی سمیت تمام آپشنزاستعمال کریں گے ‘ قوم کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے اور ان کی بنیاد پر نئے انتخابی حلقے بنا ئے جا ئیں گے ۔ یہ مردم شماری 18ماہ میں مکمل کی جا ئے گی ‘یہ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی۔ان لوگوں کو مایوسی ہوگی جو کہتے ہیں چھ ماہ یا ایک سال کے بعد الیکشن ہوں گے ۔

کابینہ میں چیف الیکشن کمشنرکے کردار پر تفصیل سے بات چیت ہوئی ہے‘اس ایشو پر ایک اور میٹنگ ہوگی جس کے بعد حکمت عملی طے کی جا ئے گی‘اپوزیشن کا مقصد لوٹی ہوئی دولت کو بچانا ہے، اگر ہم اس معاملہ کو چھوڑ دیں تو یہ سیاست سے ہی ریٹائر ہونے کو تیار ہو جائیں گے‘اگرمیرٹ کی بات ہو تو انہیں کلرک بھی کوئی بھرتی نہ کرے۔

انتخابی اصلاحات کے لئے کوشاں ہیں ورنہ حکومت کیلئے انتخابات میں دھاندلی کرنا کوئی مشکل بات نہیں ہوگی۔ 70فیصد آبادی کی آ مدن بڑھی ہے۔ 30فیصد کی نہیں بڑھی جو تنخواہ دار ہیں۔سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف قانون سازی کر رہے ہیں، سینما کے شعبے کی ترقی کیلئے علاقائی ملکوں سے فلموں کی نمائش کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ سات ماہ سے پولیو کا صرف ایک کیس ریکارڈ ہوا جو طویل عرصے کے بعد کم ترین سطح ہے‘امید ہے کہ ہم پولیو فری ملک کے طور پر سامنے آ سکیں گے۔ 

کابینہ نے عالمی پروگرام برائے خوراک (ورلڈ فوڈ پروگرام) کی درخواست پر سعودی عرب سے بھیجی جانے والی شپمنٹ کی ریلیز کے حوالے سے امپورٹ پالیسی آرڈر کے قواعد میں ایک مرتبہ کی رعایت دینے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اکائونٹس برائے مالی سال 2020-21ءکے آڈٹ کے لئے میسرز کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم گوادر اور کراچی کو مزار شریف اور پھر تاشقند کے ساتھ ریل کے ذریعے جوڑنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کے ساتھ سینما کو کھولنے کیلئے بات کی جا رہی ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں سینما فوراً کھلے اور اس میں پنجابی فلمیں، کینیڈین، ترکی اور ایران کی فلمیں دکھائی جائیں‘اس کے علاوہ بھی ہم مراعات فراہم کریں گے جن میں سینما کے لئے بجلی پر سبسڈی بھی شامل ہے۔ 

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے جموں اینڈ کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کے بجٹ برائے مالی سال 2021-22ء(جس کا حجم 190.383 ملین روپے ہے) کو منظور کیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پہلی مرتبہ آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن سنٹر کے قیام کی منظوری دی ہے جس کے تحت اسلام آباد میں اے ڈی آر سینٹرز تشکیل دیئے جائیں گے، پہلے مرحلے میں فیملی ایشوز کو کورٹ کی بجائے ان سینٹرز میں لایا جائے گا تاکہ بات چیت کے ذریعے ایسے معاملات کو حل کیا جا سکے۔کابینہ نے ملک میں پولیو کے تدارک کے لئے نوول اورل پولیو ویکسین ٹائپ ٹو (nOPV2) کے استعمال کی اجازت دی ہے۔ 

تازہ ترین