• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹونمنٹ انتخابات، جماعت اسلامی بڑی پارٹی بن کر اُبھری، حافظ نعیم


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ انتخابات نے عوام کی سوچ بتا دی، جماعت اسلامی ایک بڑی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے، ڈینگی کنٹرول پنجاب پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد مگسی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ڈینگی سے متعلق سرگرمیوں کو سنجیدگی سے مانیٹر کر رہی ہے،سابق کرکٹرز سکندر بخت نے کہا کہ آئی سی سی کا مطلب انڈین کرکٹ کنٹرول ہے۔ رہنما جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جب کراچی میں لوگ بسوں کی چھتوں پر سفرکرتے ہوں۔اسپتالوں میں سہولتیں نہ ہوں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہی ہوں۔ایسے میں کراچی کیسے سیف سٹی انڈیکس میں اچھے رینک پر آسکتا ہے۔کراچی میں لوگوں کوروزگار نہیں مل رہا ، اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہورہا ہے۔پیسہ ،تعصب و لسانیت کی بنیاد پر نوکریاں بانٹی جارہی ہیں۔شہر میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے۔کراچی سندھ و پاکستان کی پوری معیشت چلاتا ہے ۔ اسے وفاق و صوبہ دونوں نظرانداز کررہے ہیں۔جماعت اسلامی موجودہ حکومت کی طرح صرف دعوے نہیں کرتی، ہم نے کام کر کے دکھایا ہے۔بڑے بڑے پروجیکٹ کا اعلان کردیا جاتا ہے مگر ہوتا کچھ نہیں ہے۔چالیس بسیں منگوا کر وفاق و صوبائی حکومت بغلیں بجارہے ہیں۔

تازہ ترین