• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل اسمبلی سے خطاب، مسئلہ کشمیر کا حوالہ دینے پر ترک صدر کی تعریف

واشنگٹن (جنگ نیوز) واشنگٹن بیسڈ ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منگل 21 ستمبر 2021 کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے اپنے خطاب میں کشمیر کا حوالہ دینے کو زبردست انداز میں سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر نے اپنے خطاب کے دوران کشمیر کے بارے میں اپنی مستقل پالیسی کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہم 74 سال سے جاری کشمیر کے مسئلہ کو حل کرنے کے حق میں اپنے دیرینہ موقف پر قائم ہیں کہ اس تنازع کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے فریم ورک میں رہتے ہوئے اور فریقین کے مابین مذاکرات کے ذریعے طے کیا جائے۔ فورم نے کہا کہ ترک صدر کے ان کلمات نے کشمیری عوام کو حوصلہ دیا ہے۔ صدر نے کسی اور جگہ کی طرح کشمیر میں بھی امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ورلڈ کشمیر اویئرنیس نے کہا کہ ترک صدر کا مخلصانہ پیغام تنازع کے تمام فریقین میں مذاکرات کو فروغ دینے کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشید گی سے دوچار اس علاقے میں دیرپا اور حقیقی امن حاصل کرنے کا یہی ایک ذریعہ ہے۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ کشمیری عوام نے اس وحشیانہ تنازع کی وجہ سے طویل عرصے سے غیر ضروری مصائب اور مشکلات برداشت کر رہے ہیں۔ اب وہ امن کا مطالبہ کرتے ہیں اور وہ اس کے مستحق ہیں۔ فائی نے کہا کہ کشمیر کے عوام ترک صدر کے اس جائزے کو بھی شیئر کرتے ہیں کہ ہماری جنرل اسمبلی کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی برادری دنیا کے مسائل حل کرنے میں موثر کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم ہے کیونکہ ماضی کے مقابلے میں آج سٹیکس بہت زیادہ ہیں، جیسا کہ ہم سب بہت اچھی طرح یہ دیکھ رہے ہیں کہ جب غیر ذمہ دار افراد ریاستی یا نان سٹیٹ ایکٹرز دونوں کے ہاتھوں میں ہتھیار آ جاتے ہیں تو چاہے کوئی معمولی سا تنازع ہو وہ بھی جان لیوا صورت اختیار کر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایسا نہیں ہونے والا ہے۔
تازہ ترین