• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف برادران نے موٹروے کی تعمیر میں کرپشن سے لندن فلیٹ خریدے، معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے، وفاقی وزراء

شریف برادران نے موٹروے کی تعمیر میں کرپشن سے لندن فلیٹ خریدے، وفاقی وزراء


اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزراءکا کہنا ہے کہ شریف برادران نے موٹروے کی تعمیرمیں کرپشن سے لندن میں فلیٹ خریدے ‘ معاملہ پارلیمنٹ اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں اٹھائیں گے۔

وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ نے سڑکوں کے نام پر بہت بڑی کرپشن کی‘سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک ہزار کروڑ کے مہنگے معاہدے کئے‘عمران خان موٹروے کے نہیں بلکہ اس میں ہونیوالی کرپشن کے خلاف تھے۔

سابقہ دور میں پاکستان کے ساتھ بہت ظلم کیا گیا، پاکستان کے عوام کا خون نچوڑا گیا‘کرپشن کو قانونی طریقے سے تحفظ فراہم کیا گیا‘ نوازشریف اور شہبازشریف آج مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں ‘انہی کی وجہ سے آج مہنگائی ہے۔

آج پٹرول، سبزیاں، دالیں مہنگی ہونے کی وجہ یہی کرپشن ہےجبکہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے مقابلہ میں کم لاگت میں موٹرویز تعمیر کی ہیں،ماضی کی حکومتوں نے قرضوں کی مد میں انبار چھوڑے ۔ گذشتہ 10سال ملک کی تاریخ میں سیاہ ترین دور تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جب لاہور۔ اسلام آباد موٹر وے کا معاہدہ ہو رہا تھا، عین اسی وقت لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدے جا رہے تھے‘آج مہنگائی اور کمزور معیشت کی بنیادی وجہ کرپشن ہے‘ن لیگ نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک ہزار کروڑ کے مہنگے معاہدے کئے،ن لیگ نے سڑکوں کے نام پر بہت بڑی کرپشن کی۔

1947ءسے2008ءتک پاکستان کا قرضہ6ٹریلین تھا جسے آصف زرداری اور نواز شریف نے2008ءسے2018ءتک 27 ٹریلین تک پہنچا دیا، جب ہم قرضے واپس کرنے کیلئے مزید قرض لیتے ہیں تو اس سے ملک کی خود مختاری متاثر ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ2002ءمیں ایک خبر شائع ہوئی جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد موٹر وے کی لاگت 60ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ موٹر وے کی کل آمدن 45کروڑ روپے ہے جبکہ 60 ارب روپے کی یہ موٹر وے بنی۔بدقسمتی سے لوٹ مار کے ذریعے حاصل کیا جانے والا پیسہ ملک میں بھی نہیں لگایا، یہ بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ 

موٹر وے پر ڈائیو کمپنی کو صرف دو ارب ڈالر ہم نے سود کی مد میں ادا کئے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے ضرور بننی چاہئے، سڑکوں کے بغیر ترقی کا تصور ہی نہیں لیکن ن لیگ نے سڑکوں کی آڑ میں کرپشن کا کاروبار شروع کیا جس کی وجہ سے ملکی معیشت کمزور ہوئی۔ 

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 1947ءسے 2008ءتک 65سالوں میں پاکستان کا قرضہ 6ٹریلین تھا، آصف علی زرداری اور نواز شریف نے 2008ءسے 2018ءتک اس قرضے کو 27 ٹریلین تک پہنچا دیا ، ہم نے تین سالوں کے دوران 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا۔

ہم جب بھی سابقہ ادوار کے بجلی، سڑکوں یا ترقی کے منصوبے دیکھتے ہیں تو کرپشن کا ایک پہاڑ سامنے آتا ہے‘شہباز شریف پر 25ارب روپے کرپشن کا مقدمہ ہے‘یہ رقم شہباز شریف کے ملازمین کے اکائونٹس سے انہیں منتقل کی گئی، یہ وہ مقدمات ہیں جن میں لوٹی ہوئی رقوم کا ہمیں معلوم ہے، اس کے علاوہ لوٹی گئی رقوم کی ہمارے پاس معلومات نہیں ہیں۔ 

انہوں نے 1990ءکی دہائی میں جب موٹر وے کا معاہدہ کیا تو اسی وقت ہنڈی کے ذریعے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدنے کیلئے رقم بیرون ملک بھیجی، ہم اس کیس کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔نواز شریف اور شہباز شریف آج ٹسوے بہاتے ہیں کہ لٹ گئے مر گئے، برباد ہو گئے، انہی کی وجہ سے آج مہنگائی ہے۔

اس موقع پر مراد سعید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے مقابلہ میں کم لاگت میں موٹرویز تعمیر کی ہیں،ماضی کی حکومتوں نے قرضوں کی مد میں انبار چھوڑے ۔ 

مراد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں موٹرویز کے منصوبوں میں کرپشن کی کہانیاں کیپٹل ازم کے نام سے شائع ہونے والی کتاب میں موجود ہیں ۔ گذشتہ 10سال ملک کی تاریخ میں سیاہ ترین دور تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے نواز شریف کے بارے میں لازمی سنا ہوگا کہ ’’ اگر کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے ‘‘ ۔مسلم لیگ (ن) نے اسلام آباد تا لاہور 107کلو میٹر سےزائد موٹروے تعمیر کرنے پر قوم کے پیسے ضائع کئے ۔

تازہ ترین