• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب، عمران خان نے اوورسیز کی ملکی قیادت میں نمائندگی کی حمایت کی ہے، قاسم سوری

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)POF جرمنی کے زیر اہتمام فرینکفرٹ میں یوم دفاعِ پاکستان اور پاک فوج سے یک جہتی کے موضوع ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اوو ر سیز کمیونٹی کی ملکی قیادت میں نمائندگی کی ہمیشہ حمایت کی ہے ۔تقریب کی صدارت قونصلیٹ جنرل آف پاکستان زاہد حسین اور مہمان خصوصی قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکرپاکستان قومی اسمبلی تھے، پاکستان ایمبیسی برلن کی نمائندگی فرسٹ سیکرٹری چوہدری مبشر نے کی، ان کئے علاوہ اسٹیج پرPOF یورپ کے سرپرست چوہدری مظہر اقبال دیونہ ،جرمنی کے چیئرمین چوہدری امتیاز اور صدر چوہدری افتخار احمد ، کے علاوہPTI جرمنی کے صدر طارق جاوید موجود تھے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت علامہ عبد الطیف چشتی نے حاصل کی، تلاوت کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا ،ہال میں تما م افراد احتراماً کھڑے ہو گئے،اس کے بعدایک کمسن معصوم بچی نے اکیلے قومی ترانہ پڑھ کر بے پناہ ہ داد حاصل کی، تقریب کے پہلے مرحلے میں ان لوگوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا جنہوں نے جرمنی میں اپنے قیام کے دوران مختلف شعبوں میں قابل ذکر اور قابل تعریف کردار ادا کیا، ان شعبوں میں اعلیٰ تعلیم،ادبی سرگرمیاں،کھیلوں کے میدان اور پاکستانی ثقافت اور کلچر کا فروغ شامل ہے، POF یورپ کے سرپرست چوہدری مظہر اقبال دیونہ نے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ان نمائندہ افراد کو ایوارڈ دینا ان کی خدمات کا اعتراف ہے اور یہ سلسلہ انشااللہ آئندہ بھی جاری رہے گا، قونصلیٹ جنرل آف پاکستان زاہد حسین نے اپنے خطاب میں کہاکہ حکومت پاکستان ملک کی ترقی و تعمیر کے لئے بے پناہ کام کر رہی ہے، ان حالات میں محبِ وطن پاکستانیوں کی ہر شعبے میں حکومت کو تعاون کی ضرورت ہے ،بلخصوص جرمنی میں بہت سے ایسے مواقع آتے ہیں جہاں پاکستانی کمیونٹی کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے اور آپ ہمیشہ ہمارے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے مدد فرماتے ہیں اور ہمارے مخالفین ہمیشہ ہمارے اتحاد سے پسپا ہوتے ہیں، بیرون ملک پاکستانی ملک کا عظیم سرمایہ ہیں، تقریب کے میزبان اور نقیب محفل اعجاز پیارا نے قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر پاکستان قومی اسمبلی کو دعوت کلام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خطاب میں حکومت وقت کی کارکردگی کی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ عالمی تناظر میں افغانستان کی تازہ صورت حال پر بھی گفتگو فرمائیں،قاسم خان سوری نے POF کے سرپرست چوہدری مظہر اقبال دیونہ اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے یوم دفاعِ پاکستان اور پاک فوج سے یک جہتی کے موضوع پر اتنی خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا،ملکی حالت پر روشنی ڈالتے ہوئے قاسم خان سوری کہا۔وزیر اعظم پاکستان نے ہمیشہ بیرون ملک90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کے لئے زرِ مبادلہ بھجوا کر ملک کی معیشت کو سہارا دینے اور دیگر شعبوں میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے حقوق اور ان کی ملکی قیادت میں نمائندگی کی حمایت کی ہے،پاکستان57 اسلامی ممالک میں واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ہے، اسی لئے وزیر اعظم عمران خان ملک میں ریاست مدینہ کے نظام کی بات کرتے ہیں، وہ نظام جس میں ہر غریب امیر کے یکساں حقوق ہوں،جہاں امیر اور غریب کے بچے کا تعلیمی معیار ایک جیسا ہو،پاکستان ایک زرعی ملک ہے، موجودہ حکومت کسان کے ہاتھ مضبوط کر کے ملک کو زراعت کے شعبے کو مضبوط کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے ابتدائی اقدام اٹھائے جا رہے ہیں، افغانستان کی حالیہ صورت حال پر قاسم خان سوری نے کہا کہ افغانستان میں موجودہ حکومت وہاں کی عوام کی خواہش پر آئی ہے، اس لئے دنیا کو افغانی عوام کی رائے کا احترام کرتے ہوئے حکومت بنانے کا حق دینا چاہئے، افغان قیادت سے حکومت پاکستان یہ امید رکھتی ہے کہ وہ اپنے تمام قبائل کے نمائندوں کے ساتھ ملکر عوامی حکومت بنائیں گے، جس میں تمام مکاتب فکر کو اپنی باعزت زندگی گزارنے کا حق حاصل ہوگا،خواتین کو زندگی کے تمام شعبہ جات میں باعزت نمائندگی حاصل ہوگی۔

تازہ ترین