• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ترکی جوہری ریگولیٹری دائرے میں تجربات کے تبادلے پر متفق

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے پاکستان کے ساتھ ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کیلئے بھرپور سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ترک وفد کے سربراہ ترک نیوکلیئر اینڈ منرل ریسرچ ایجنسی (TENMAK)کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر بالیکی کے ساتھ انکی اہم ملاقات ہوئی۔ ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں نے پاکستان کے مستقبل نمائندے ایمبیسٹڈر آفتاب احمد کھوکھر میں بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ ترکی اور پاکستان کی جوہری ایجنسیوں کے سربراہوں نے صحت اور زراعت کے شعبوں میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال سے متعلق باہمی فائدہ مند تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی اور ساتھ ہی جوہری ریگولیٹری ادارے میں تجربات کا اشتراک بھی کیا۔ اس میٹنگ میں طے پایا کہ پاکستان اور ترکی کے جوہری ریسرچ کے ادارے پرامن ایٹمی توانائی کے استعمال میں تعاون کرینگے۔ پی اے ای سی کے چیئرمین اتوار کو ویانا سے وطن واپسی کے بعد نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ ویانا میں اُنہوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی 65ویں جنرل کانفرنس سے پاکستان کے ایٹمی توانائی کے میڈیکل اور زراعت میں پرامن استعمال کے مثبت نتائج پر روشنی ڈالی اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان کی میڈیسن اور ایگریکلچر کے شعبوں میں ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کی کامیابیوں کو سراہا‘ اور پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے کہا کہ وہ ترقی پذیر ملکوں کے اربوں لوگوں کو جوہری توانائی کے پرامن استعمال سے علاج معالجے اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے بھرپور تعاون کریں جس پر چیئرمین محمد نعیم نے حامی بھری۔

تازہ ترین