• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد زبیر کی ویڈیو اصلی یا نقلی، فرانزک آڈٹ ہونا چاہئے، رانا ثناء

محمد زبیر کی ویڈیو اصلی یا نقلی، فرانزک آڈٹ ہونا چاہئے، رانا ثناء 


لاہور،اسلام آباد(نمائندہ جنگ،این این آئی،آن لائن) مسلم لیگ ن پنجاب کےصدر رانا ثناءاللہ کا سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی مبینہ ویڈیو سے متعلق اپنے ردعمل میں کہنا ہے کہ محمد زبیر کی ویڈیو بہت محنت سے تیار کی گئی، سمجھ نہیں آرہی کہ وہ زبیر صاحب سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔محمد زبیر کی ویڈیو اصلی ہے یا نقلی اس کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے۔ لگتا ہےکہ وہ کوئی ایک ایونٹ کی ویڈیو نہیں ہے، پتا نہیں یہ لوگ زبیرصاحب کے پیچھے کب سےلگے ہوئے تھے، پتا نہیں یہ فیک ویڈیو ہے یا اوریجنل ہے۔

ادھر این این آئی کے مطابق سابق گور نر سندھ اور لیگی رہنما زبیر عمرنے سوشل میڈیا مہم کو بے بنیاد اور پروپیگنڈہ قرار دے دیا ۔ اپنے بیان میں زبیر عمر نے کہاکہ میرے خلاف فرضی اور جعلی ویڈیو بنائی گئی، یہ سیاست نہیں بلکہ ایک بے ہودہ کام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو بھی لوگ اس کے پیچھے ہیں انہوں نے نہایت ہی گھٹیا اور شرم ناک کام کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ میں نے ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے ،اور آئندہ بھی پاکستان کی بہتری کیلئے آواز اٹھاتا رہوں گا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جج محمد ارشد ملک کی ویڈیو کے مقاصد تاریخی ہیں، ان کی ویڈیو ملین ڈالرزکی تھی، اس ویڈیو نے ملک کی سیاسی تاریخ کوبدل کررکھ دیا، ارشد ملک کو ویڈیو کی وجہ سے مجبور کرکے نواز شریف کو سزا دلوائی گئی۔ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ویڈیو سے آدمی ڈسٹرب ہوجاتا ہے، اس کی فیملی ہوتی ہے، ارشد ملک زیادہ افسردہ تھے، انہوں نے اپنے دوستوں اور میاں صاحب سے ملاقات میں کہا کہ ان سے غلطی ہوئی، 20 سال پرانی ویڈیو لاکر ارشد ملک کوبلیک میل کیا گیا۔جب تک محمد زبیر کی ویڈیو فرانزک ہو یا سچ ثابت نہ ہو جائے تب تک ذاتی ویڈیو ہوگی۔آرمی چیف کی مدت ملازمت میں میعاد کا فیصلہ پارٹی مشاورت سے ہوا۔

فیصلے غلط اور درست ہوتے ہیں جب فیصلہ ہوگیا۔جب پارٹی نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کر لیا تو وہ فیصلہ درست فیصلہ تھا۔

سابق گورنرسندھ اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما زبیر عمر کی مبینہ ویڈیو لیک ہونے کا معاملے پر کراچی کے 2 وکلا نے محمد زبیر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے سٹی کورٹ تھانے میں درخواست جمع کرادی۔

تازہ ترین