• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرونی قوتیں پاک چین اتحاد کو کمزور کرنے کی کوششیں کررہی ہیں، چینی سفیر

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہاہےکہ پاکستان اور چین سمیت دیگر ممالک کو جھوٹے پروپیگنڈے اور غلط معلومات کے مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے،کچھ بیرونی دشمن قوتیں منظم طریقے سے چین اور پاکستان کی ترقی کیساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی اعتماد کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ان حالات میں چین اور پاکستان کے میڈیا کو ذمہ دار ی کا مظاہر ہ کرنا چاہئے تاکہ وہ انصاف کیلئے بات کریں اور علاقائی امن واستحکام کیلئے ایک مثبت قوت بن سکیں۔

چین پاکستان میڈیا فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان تبادلے اور تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، چائنیز میڈیا کے سات بیوروز ہیں اور پاکستان میں اُردو زبان کا ایک سٹوڈیو ہے، دونوں ممالک کے ذرائع ابلا غ کو خبروں کے متن کے تبادلے، پروگرامز کی مشترکہ تیاری ، اہلکاروں کی تربیت اور سرگرمیوں کے باہمی اہتمام کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنا چاہئے،دونوں ممالک کو وسائل کے انضمام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں دو سو سے زائد چینی نجی کمپنیاں قائم ہیں جبکہ سی پیک کے فریم ورک کے تحت یہ کمپنیاں مقامی ملازمین کے نقطہ نظر کے ذریعے چین پاکستان دوستی سے متعلق سچی کہانیاں فراہم کرسکتی ہیں، ہمیں عالمی سطح پرعوامی رائے کو استوار کرنے اور غلط خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے، چین پاکستان دوستی دونوں ممالک کے مفادات اور علاقائی استحکام کی ضروریات پر پورا اُترتی ہے، ہمیں بین الاقوامی مواصلات کے حربوں اور فن پر توجہ دینی چاہئے، بڑے مسائل پر بات کرنے کی اپنی صلاحیت کو بہتر بنانا چاہئے، افواہوں کی تردید کیلئے سرکاری پلیٹ فارم قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور منفی عوامی رائے کا مشترکہ طور پر جواب دینا چاہئے، میڈیا نہ صرف چین پاکستان دوستی کو وسعت دینے کیلئے اہم قوت ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کے مابین مضبو ط دوستی کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے،۔

چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق نے کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا کو ایک پٹی ایک شاہراہ اقدام اور سی پیک کی کامیابی کو اجاگر کرنا چاہئے، رواں سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے سلسلے میں اب تک 80 تقریبات کا انعقاد کیا جاچکا ہے جبکہ رواں سال کے آخر تک 100 تقریبات کا انعقاد مکمل کر لیا جائیگا، اس حوالے سے چین میں پاکستان فلم فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا،دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کو چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے حوالے سے عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنی چاہئے، تعلقات کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا چاہئے اور انکی سٹرٹیجک اہمیت کے حوالے سے بھی لوگوں کو آگاہ کرنا چاہئے،چین اور پاکستان کی دوستی تاریخ، ثقافت اور جغرافیائی لحاظ سے بھی اہم ہے اور یہ باہمی اعتماد، احترم و تعاون پرمبنی ہے۔

تازہ ترین