• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کی ایڈوائزری جاری کر دی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں طاقت ور ہوا کے کم دباؤ کی تشکیل کے باعث سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کا رخ بھارتی گجرات کی جانب ہے، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں آج سے 2 اکتوبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے میر پور خاص، تھر پاکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے درمیان بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی اور کبھی انتہائی طغیانی رہنے کا امکان ہے، اس لیے اس دوران ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ طوفانی بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں، بارشوں سے بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد اور دادو میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

تازہ ترین