• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ دور حکومت کی ریکارڈ کرپشن کا ذمہ دار کون ہے‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ الزامات اور جھوٹے مقدمات کی بھرمار نے ازخود یہ ثابت کردیا کہ سلطنت عمرانیہ کی بے اختیار مسلط کردہ حکومت کے پاس کرنے کرانے کیلئے کچھ نہیں۔ سوائے سیاسی انتقام و جھوٹی اناپرستی کے اس منفی طرزسیاست کی بڑھوتری کے لئے نیب کو بطور ایک موثر ہتھیار استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اگر متنازع چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں غیر آئینی و غیر قانونی توسیع کی جاتی ہے تو یہ عمل ہمارے اصولی و حقیقی موقف پر اپنی مہر ثبت کردے گا کہ گزشتہ تین برس سے اس ادارے کو صرف اور صرف اپنے سیاسی مخالفین کو بدنام کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مسلط کردہ حکومتوں نے اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کے حصول و تحفظ اور اپنے غیر حقیقی اقتدار کو دوام بخشنے کے لئے استعمال کیا۔ اس منفی طرزسیاست سے انہیں فائدہ ملا یا نہیں وہ الگ بات ہے مگر اس طرزعمل سے ادارے اپنے مطلوبہ اہداف کے حصول سے دور ضرور ہوئے۔ عوامی تائید یافتہ منتخب حکومتوں کو یہ کہہ کر چلتا کردیا گیا کہ ان کے دور حکومت میں کرپشن ہورہی ہے مگر آج کی ریکارڈ کرپشن اور نااہلی و ناتجربہ کاری کی وجہ سے قومی خزانے کو جو یومیہ نقصان پہنچایا جارہا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے۔ لاحاصل تجربات تو ماضی میں بھی کئے جاتے رہے مگر ایسا ناکام تجربہ قوم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا سحر ٹوٹ چکا ، عوام اس رچائے گئے ڈرامے کا اختتام دیکھنے اور پردہ گرنے سے پہلے ہی ہال خالی کرچکے ہیں اب تبدیلی سرکار کا بستر گول کرنے کے لئے کس کا انتظار ہے۔
تازہ ترین