• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کی 3سالہ کارکردگی انتقامی کارروائیوں تک محدودرہی‘ ن لیگ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری نسیم الرحمن، آغا عمر شاہ، جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال، جنرل سیکرٹری پشین میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ، ہمایوں الکوزئی، ایڈووکیٹ ارباب اقبال، ذاکر بنگلزئی، صابر راجپوت، لیاقت راجپوت، عامر چوہدری، سلمان درانی شانی، ضمیر اختر، آصف حریفال، عالم کاسی اور نثار اچکزئی نے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے برطانیہ کی عدالتوں سے بری ہونے سے یہ بات عیاں ہوگئی کہ میاں شہبازشریف اور مسلم لیگ(ن) کی قیادت کیخلاف بنائے گئے تمام مقدمات بے بنیاد ہیں۔شہباز شریف اور انکے خاندان کے خلاف برطانیہ میں قائم منی لانڈرنگ کے الزامات غلط ثابت ہوئے اور انہیں بری کرتے ہوئے اکائونٹ بھی کھول دئیے گئے جس سے واضح ہوا کہ مسلم لیگ(ن) اور اس کی قیادت کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔پاکستان میں بھی میاں شہباز اور ان کے خاندان کی تمام کیسوں میں جیت ہوگی اسی طرح پارٹی کے دیگر تمام افراد کو بھی انصاف ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی تین سالہ کارکردگی عوام پر عیاں ہوگئی۔ نااہل حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ۔ موجودہ حکومت کے تین سالہ دور میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، عوام سے روزگار اور سر سے چھت تک چھین لی گئی۔ ادویہ کی قیمتوں میں چار سو گنا اضافہ کردیا گیا۔غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی۔ ناکام حکمرانوں نے معیشت تباہ اور ملک کو عالمی اداروں کے ہاں گروی رکھ دیا۔درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر میں مہنگائی کو کنٹرول، امن وامان کی بحالی اور کچلاک میں دستکاری سینٹر کی فعالیت کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں میٹروپولیٹن کی جانب سے روکے گئے تمام ترقیاتی کاموں کو شروع کرایا جائے۔ مسلم لیگ(ن) عوامی فلاحی منصوبوں کے حل کیلئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریگی۔
تازہ ترین