• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک اور تجاوزات کا مسئلہ حل کرنے کیلئےاقدامات کیے جائیں،ہدہ ڈویلپمنٹ کونسل

کوئٹہ (پ ر)جوائنٹ کوارڈ ینیشن کوکونسل فار ہدہ ڈویلپمنٹ کے عہدیداروں نے ہدہ میں جیل روڈ پر تجاوزات اور ٹریفک جام کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اہم شاہراہ پر تجاوزات کے باعث اکثر ٹریفک جام رہتی ہے جس کے باعث تاجروں ،طالب علموں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جیل روڈ پر دوپہر کے بعد سڑک کی دونوں جانب ریڑھیاں کھڑی کی جاتی ہیں ،بعض تاجر اپنی دکان کا سامان بھی دکان سے نکال کر سڑک پر لگاتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ۔انہوں نےکہاکہ ایک تو اس سڑک کی چوڑائی اور ٹریفک کے حوالے سے اس کی گنجائش بہت کم ہے دوسری جانب شہر کی آبادی ،مختلف ٹرانسپورٹ کی تعدا د اوراستعمال بہت بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام رہتی ہے ،بالخصوص شام کے اوقات میں تو پیدل چلنے والوں کوبھی دقت ہوتی ہے اور مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے جیل روڈ ہدہ سے تجاوزات ہٹانے اور ٹریفک پولیس سے اس سڑک پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دکاندارو ں اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کیاجائے ۔درایں اثنا ء بیان میں ہدہ کے سماجی کارکن میر نوبت خان رندکی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا ہدہ کے سماجی اور علاقائی مسائل کے حل کےلیے میر نوبت خان رند کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاوہ ایک مخلص ،باشعور اور خیرخواہ انسان تھے اور ہمیشہ علاقےکی فلاح و بہبود کے کاموں کےلیے کوشاں رہتے تھے ۔انہوںنے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔
تازہ ترین