• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوراک سے وابستہ افراد کیلئے تربیتی ورکشاپس کا اہتمام

پشاور ( نمائندگان جنگ )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے صوبے کے مختلف علاقوں میں خوراک سے وابستہ افراد کے لئے تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ضلع نوشہرہ کے علاقے تحصیل جہانگیرہ میں فوڈ ورکرز کیلئے لیول ون ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ریسٹورنٹس سے وابستہ افراد کو کھانے کی تیاری کے حوالے سے حفظانِ صحت کے اصولوں اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ایس او پیز سے جانکاری فراہم دی گئی۔ اسی طرح جعلی مشروبات کی فروخت کی روک تھام کے لیے تحصیل پبی میں دکانداروں کو اصلی اور جعلی مشروبات میں فرق کرنے اور ان کی نشاندہی کے حوالے سے بھی تربیت دی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ضلع خیبر میں واقع مقامی ہوٹل میں بھی فوڈ سیفٹی لیول 1 ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران ہوٹل میں کام کرنے والے افراد کو حفظان صحت کے اصولوں کے حوالے سے اگاہی دی گئی، اور لوگوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز سے متعلق اگاہ کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام نے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ ٹانک میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے حکام نے خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں انہیں شہریوں تک معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ نمائندوں نے ملاقات میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ضلع دیر لوئر میں مختلف اسکولز میں فوڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی گئی، جس میں طلباء اور اساتذہ کو فوڈ سیفٹی کے حوالے سے بنیادی معلومات سے آگاہ کیا گیا۔ بچوں کو ممنوع خوراکی اشیاء کے بارے میں تفصیل سے اگاہ کیا گیا۔ اساتذہ نے فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی اس کاوش کو خوب سراہا۔
تازہ ترین