قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سابق کرکٹر انضمام الحق کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انضمام بھائی ہمیشہ سے فائٹر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ ’انضمام بھائی! آپ ہمیشہ فائٹر رہے۔‘
بابر اعظم نے کہا کہ ’میرے خیالات اور دعائیں آپ اور آپ کے خاندان کے ساتھ ہیں، اللّہ آپ کو جلد صحت یابی اور صحت مند زندگی عطا فرمائے۔‘
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ’لیجنڈ! جلدی ٹھیک ہوجاؤ، آمین۔‘
واضح رہے کہ انضمام الحق کو دل میں تکلیف کے باعث فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی انجیوپلاسٹی ہوئی۔
بعدازاں انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا جس کے بعد ان کا پہلا بیان سامنے آیا، انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سب لوگوں کا بہت شکریہ جنہوں نے میرے دعائیں کیں، دعاؤں کے وجہ سے اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے صحت عطا فرمائی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پڑھا اور سنا کہ مجھے ہارٹ اٹیک ہو گیا ایسا نہیں ہے، معمول کے چیک اپ میں ڈاکٹرز نے مجھے انجیو پلاسٹی کا کہا، اس کے بعد مجھے اسٹنٹ ڈلوانے کا کہا گیا اللّٰہ نے تمام معاملات اچھے کیے اور 12 گھنٹے بعد میں گھر واپس آگیا۔