• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف جرمنی میں انتقال کرگئے، صدر، وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس

برلن، اسلام آباد(جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں) کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کرگئے،اسٹیج کے بے تاج بادشاہ کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے، وہ علاج کے لئے امریکا روانہ ہوئے تھے، طبیعت خراب ہونے پر عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق ایشین کامیڈین لیجنڈ اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے والے پاکستانی فنکار عمر شریف اپنے کروڑوں مداحوں کو اداس چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئے۔انہیں گزشتہ دنوں علاج کی غرض سے امریکہ لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں طبیعت کی خرابی کے باعث جرمنی کے ایک اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن اسپتال منتقل کیا جانا تھا جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک مائٹرل والو کلپنگ کے ذریعے علاج کیا جانا تھا، اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔تاہم وہ جرمنی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔دنیائے فن میں نئی جہت بخشنے والے اور اسے بلندیوں پر پہنچانے والے ملک کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر صدر ،وزیر اعظم پاکستان سمیت رہنماؤں نے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے اور کامیڈی کی دنیا میں اپنا علیحدہ مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے، وزیر اعظم عمران خان نےعمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فن کے شعبے میں ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا وزیر اعظم نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔ وزیر اعظم نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمر شریف ملک کا قیمتی اثاثہ تھے ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء پر نہیں ہو سکے گا،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا۔انہوں نے مرحوم عمر شریف کے دنیا بھر میں موجود لاکھوں سوگوار پرستاروں سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ ʼانہیں اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور اپنی شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے اور وہ عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ʼدنیائے مزاح کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس ہوا،ان کی وفات سے فن مزاح میں پیدا ہونے والا خلا شاید ہی پورا ہوسکے۔ اس کے علاوہ سیاسی و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے بھی عمر شریف کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

تازہ ترین