• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الاقوامی سفر کو آسان بنانے کیلئے برطانیہ میں نئے قوانین نافذ کردیئے گئے

راچڈیل(نمائندہ جنگ)بین الاقوامی سفر کو آسان بنانے اور مسافروں کو درپیش مشکلا ت کے ازالے کے تناظر میں نئے برطانوی قوانین نافذ کر دیے گئےہیں، جس کے تحت مکمل طور پر کورونا ویکسین کے حامل مسافروں کو واپسی کی پرواز سے قبل غیر ضروری ٹیسٹوں سے نجات مل گئی۔کورونا بحران کے دوران نافذ کیے گئے ٹریفک لائٹ سسٹم کو ختم کر کے نئے قوانین کا بین الاقوامی سطح پر بھر پور خیر مقدم کیا گیا ہے ،ٹریفک لائٹ سسٹم کے تحت سبز‘ امبر‘ اور سرخ رنگ کی تین کیٹگریز میں مسافروں کو تقسیم کیا گیا تھا، جس کے تحت ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کے مسافروں کو برطانیہ پہنچنے پر حکومت کے منظور شدہ قرنطین ہوٹلوں میں اپنے خرچہ پر دس یوم تک قرنطین کرنا لازم تھا، امبر والے اپنے گھروں میں مقررہ مدت تک قیام کرنے کے پابند جبکہ گرین لسٹ والے ممالک کے مسافراس پابندی سے آزاد تھے، تاہم تینوں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازم رکھا گیا تھا۔ باور کیا جا رہا ہے کہ جمرات تک برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں شامل 54ممالک کم ہو کر صرف 9رہ جائیں گے جو ایک اہم اور بڑی پیش رفت ہوگی۔ پچاس سے زائد ممالک کے مسافروں کے لیے اب نیا قانون نافذ کیا گیا ہے، جس کے مطابق مکمل ویکسین شدہ مسافرفلو ٹیسٹ کے بغیر برطانیہ میں داخل ہو سکتے ہیں، انکو اب صرف ایک دن میں دو پی سی آر کے بعد آنیوالے ٹیسٹ کی ضرورت ہوتی ہے، جس کی لاگت تقریبا65پائونڈ ہے جبکہ مسافر کو لوکیٹرفارم بھی مکمل کرنا ہوگا،11 سال سے کم عمرافراد کو پہلے سے روانگی کی جانچ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا،یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرخ لسٹ میں شامل ممالک سے آنیوالے مسافروں کے لیے قوانین تبدیل نہیں ہونگے، انہیں ہوٹل میں مقررہ مدت قرنطین کرنا پڑیگا جس کے لیے وہ 2ہزار285پائونڈ کا اضافی خرچ برداشت کریں گے، ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شاپس نے کہاہم ایک ایسے مستقبل کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں جہاں سفر محفوظ طریقے سے کھلتا جائے گا، قواعد ضوابط میں تبدیلیاں نہ صرف بین الاقوامی سفر کرنیوالے خاندانوں ‘ بلکہ کاروباری طبقے اور ٹریول سیکٹر کے لیے بھی مثبت ثابت ہونگی، ہماری ترجیح عوامی صحت کا تحفظ ہے لیکن 10 میں سے آٹھ سے زائد افراد کو اب مکمل طور پر ویکسین دی گئی ہے ، ہم جانچ کے اخراجات کو کم کرنے اور اس شعبے کی بحالی کو جاری رکھنے میں مدد کے لیے یہ اقدامات کرنے کے قابل ہیں۔ ایئر لائنز یوکے کے چیف ایگزیکٹو ٹم الڈرسلیڈ نے کہاچیزیں درست سمت میں جا رہی ہیں اور ان پابندیوں کے خاتمے سے لوگوں کا سفر آسان اور سستا ہو جائے گا۔

تازہ ترین