• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم بورس جانسن کا تعطیل منانا پورے ملک کیلئے اہم ہے

لندن (پی اے) ایک ایسے وقت جبکہ ملک میں گرانی عروج پر ہے اور گیس کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے تعطیل منانے کیلئے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے ہوم آفس منسٹر ڈامیان ہنڈز نے کہا ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن کا تعطیل منانا پورے ملک کیلئے اہم ہے۔ مختلف شعبوں کے سربراہوں نے وزیراعظم کے تعطیل منانے کے فیصلے پر تنقید کی ہے جبکہ لیبر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ حکومت ملک میں بڑھتے ہوئے انتشار پر کنٹرول کرے۔ اسکائی نیوز نے جب ہنڈز سے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم کے تعطیل پر جانے کا یہ درست وقت ہے تو انھوں الٹا سوال کیا کہ درست وقت کب ہوگا؟۔ انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ لوگوں کو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاری اور کچھ سکون کا حصول بہت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جانا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ میں بتا چکا ہوں کو وہ مسلسل رابطے میں ہیں، انھیں مسلسل بریفنگ دی جا رہی ہے اور وہ حکومت کی قیادت کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دراصل پورے ملک کیلئے یہ بات اہم ہے کہ وزیراعظم کو کچھ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارنے کی مہلت ملنی چاہئے، انھیں تھوڑا سا وقفہ دیا جانا چاہئے۔ ادھر لیبر کی شیڈو وزیر خزانہ پیٹ مک فیڈن نے کہا ہے کہ انھیں اس کی کوئی پروا نہیں ہے کہ وزیر اعظم اس وقت تعطیل پر ہیں یا نہیں۔ مجھے اس کی بھی پروا نہیں کہ وہ اس وقت کہاں ہیں؟۔ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ خواہ وہ اسپین میں ہوں یا برطانیہ میں، معاملات حکومت کی گرفت میں ہونے چاہئیں جو اب تک نظر نہیں آرہے۔ جب وزیراعظم یہاں تھے تو افراتفری کا ماحول نظر آرہا تھا، اس لئے اب مجھے اس کی کوئی پروا نہیں کہ وزیراعظم کہاں ہیں؟ یوکے اسٹیل کے ڈائریکٹر جنرل گاریتھ اسٹیس نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ فون پر رابطے میں ہوں گے اور لوگوں سے باتیں کر رہے ہوں گے لیکن میرے خیال میں یہ وقت وزیراعظم کے تعطیل پر جانے کا نہیں تھا۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم ماربیلا گئے ہیں، جہاں وہ Costa del Sol پرایک پرائیویٹ محل میں قیام کریں گے۔ تعطیلات نے مختلف مواقع پر بورس جانسن کی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کی ہیں۔ ڈومنک راب کو طالبان کے کابل میں داخلے کے وقت تعطیلات پر ہونے کی وجہ سے عہدے میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وزیراعظم کو بھی 2019 میں کیریبئن جزیرے Mustique پر تعطیلات منانے پر کئی مہینے چھان بین سے گزرنا پڑا تھا اور رہائش کیلئے 15,000 پونڈ خرچ کرنے پر انھیں طویل چھان بین کے بعد ارکان پارلیمنٹ کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے الزام سے بری کیا گیا تھا۔

تازہ ترین