• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ، سید علی گیلانی کے پوتے اور اسکول ٹیچر ملازمت سے فارغ

لاہور (خالد محمود خالد) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم اور ناجائز طور پر انضباطی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ گزشتہ روز حریت لیڈر مرحوم سید علی شاہ گیلانی کے پوتے انیس الاسلام کو سرکاری ملازمت سے صرف اس وجہ سے برطرف کردیا گیا کہ وہ سید گیلانی مرحوم کا پوتا ہے ، 2016 میں انہیں اس وقت کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے جموں کشمیر ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائم شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سنٹر میں ریسرچ آفیسر کے طور پر تعینات کیا تھا۔ ان کے ساتھ ایک اسکول ٹیچر فاروق احمد بٹ کو بھی برطرف کیا گیا جن پر الزام ہے کہ ان کے بھائی محمد امین بٹ کا تعلق کالعدم لشکر طیبہ سے ہے۔ سید علی شاہ گیلانی کے پوتے انیس الاسلام پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ ملازمت کے حصول سے چند ماہ قبل وہ پاکستان گئے تھے جس کے بعد انہیں 2005 سے خالی سیٹ پر ریسرچ آفیسر لگادیا گیا جب کہ ایک گزیٹیڈ افسر کی حیثیت سے تعیناتی کیلئے انہیں سیکیورٹی کلیئرنس بھی نہیں دی گئی۔ ان پر یہ مضحکہ خیز الزام بھی عائد کیا گیا کہ انہوں نے سری نگر میں مظاہروں کے دوران ڈرونز اڑانے میں کچھ لوگوں کی مدد کی تھی۔ برطرف کیے گئے اسکول ٹیچر فاروق بٹ کو 2005 میں کنٹریکٹ پر ٹیچر بنایا گیا تھا اور 2010 میں انہیں مستقل کردیاگیا تھا۔

تازہ ترین