• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ذمہ دارسیاسی بیروزگار، ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج چیزیں مہنگی تو کل سستی ہوں گی، حکومتی ترجمان

آج چیزیں مہنگی تو کل سستی ہوں گی، حکومتی ترجمان


اسلام آباد‘ملتان(اے پی پی)حکومتی ترجمانوں کا کہنا ہے کہ سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا‘اگر دنیا میں آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو ں گی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی‘ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار سیاسی بیروزگار ہیں ‘حکومت پائیدار بنیادوں پر مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ‏ایک قوم کی طرح مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے‘ معاشی مشکلات عارضی ہیں‘معاون خصوصی ملک امین اسلم کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی تمام توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہے‘ملک کو تمام بحرانوں سے نکالیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہناہے کہ معیشت کی مضبوطی کیلئے کوشش کررہے ہیں ‘غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہےجبکہ وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس انکو ہضم نہیں ہورہی ، انہوں نے ہمیشہ غنڈا فورس تیار کیں جو انکے ذاتی مفادات کے تحفظ پر مامور ہوتے ہیں۔

بلاول زرداری حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کے لئے کچھ کریں‘حکومت غریب لوگوں پر عالمی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے‘ حکومت نومبر سے فوڈ سپورٹ پروگرام متعارف کرا رہی ہے جس کے تحت 1 کروڑ 20 لاکھ مستحق لوگوں کو آٹے، گھی، چینی اور دالوں پر براہ راست کیش سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ‏تیل کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر ایسے پروپیگنڈا ہو رہا ہے جیسے ہم دنیا سے کسی علیحدہ سیارے پر ہیں‘اگر دنیا میں تیل، گیس کی قیمتیں اوپر جائیں گی تو پاکستان میں قیمتیں اوپر جائیں گی۔ 

اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو جائیں گی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی‘‏ایک قوم کی طرح مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے‘ معاشی مشکلات عارضی ہیں، انڈسٹری، زراعت اور تعمیرات کے شعبے تاریخی منافع کما رہے ہیں۔ تنخواہ دار طبقے کی مشکلات ہیں، پرائیویٹ سیکٹر اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرے، آمدنی اور روزگار میں اضافہ مہنگائی کا توڑ ہے۔

ادھر معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا مقابلہ ملک لوٹنے والوں سے نہیں بلکہ مہنگائی کے خلاف ہے ‘پوری دنیا اس وقت مہنگائی کا شکار ہے‘ وزیر اعظم عمران خان کی تمام توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہے‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے خگوانی میں عوامی اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ قوم عمران خان کا ساتھ دے‘ملک کو تمام بحرانوں سے نکالیں گے ۔ دریں اثناءوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ معیشت کی مضبوطی کیلئے کوشش کررہے ہیں ، مشکلات عارضی ہیں۔ غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ لوگوں کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے۔ 

معاشی نا ہمواری غربت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ پی ڈی ایم لٹیروں کاٹولہ ہے،جو خود چور اور لٹیرے ہوں وہ کیسے احتساب کر سکتے ہیں۔ ”ووٹ کو عزت دو “کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹرز کی عزت کو پامال کیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ مہنگائی سابقہ حکمرانوں کا دیا ہوا تحفہ ہے۔ حکومت کا احساس پروگرام ‘ روزگار پروگرام ‘ صحت انصاف کارڈ سمیت دیگر پالیسیوں سے ملک میں معاشی نا ہمواری اور غربت میں کمی ہوگی ۔

علاوہ ازیں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سیاسی بے روزگاروں کا اجتماع ہے جنہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران فیصل آباد میں پاورلومز بند کر دیئے تھے اور بڑی تعداد میں ورکرز بے روزگار ہوئے تھے تاہم موجودہ حکومت نے پاورلومز کو دوبارہ بحال کر دیا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں، حکومت غریب لوگوں پر عالمی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ 

عالمی سطح پر اچانک پٹرول کی قیمتیں 35 ڈالر فی بیرل سے 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں تاہم اس کے باوجود حکومت نے ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی کم کر کے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا ہے،ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ حکومت پائیدار بنیادوں پر مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔

بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول زرداری حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کے لئے کچھ کریں‘ سندھ میں غربت، بےروزگاری انتہا پر ہے۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی، کپڑا مکان کی آڑ میں کرپشن کو دوام بخشا اور جعلی اکاونٹس بنائے، کراچی سمیت پورے سندھ میں بھی آج 20کلو آٹے کا تھیلا 1400سے 1500روپے میں مل رہا ہے‘پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کو ٹینکر مافیا، گرانفروش اور ذخیرہ اندوز مافیا کے حوالے کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس انکو ہضم نہیں ہورہی ، انہوں نے ہمیشہ غنڈا فورس تیار کیں جو انکے ذاتی مفادات کے تحفظ پر مامور ہوتے ہیں۔زرداری نے کرپشن کی انتہا کی تھی، انھیں ہر گھنٹے بعد بھی طلب کیا جائے تو بھی کم ہے۔

تازہ ترین