• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے خفیہ طور پر جدید ہائپر سونک میزائل کا تجربہ کرلیا،امریکا کو صدمہ

کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے خفیہ طور پر جوہری صلاحیت کے حامل ہائپر سونک (آواز کی رفتار سے کئی گنا تیز) میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ میزائل نے کامیابی کے ساتھ فائر ہونے کے بعد مدار میں چکر لگایا اور تیزی سے زمین پر موجود اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کی یہ چھلانگ ایسی ہے جو امریکا کے اینٹی بیلسٹک میزائل کے دفاعی نظام کو ناکارہ بنا دے گی۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں پانچ نامعلوم انٹیلی جنس ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ چائنیز فوج نے اگست میں لانگ مارچ راکٹ فائر کیا تھا جو ہائپر سونک گلائیڈ وہیکل لے کر مدار میں روانہ ہوا تھا۔

میزائل نے مدار میں چکر لگایا اور واپس زمین پر اپنے طے شدہ ہدف کو صرف 24؍ میل کے فاصلے سے نشانہ بنایا۔ یاد رہے کہ ہائپر سونک میزائل کی رفتار 21؍ ہزار میل فی گھنٹہ ہوتی ہے اور یہ خلا سے زمین پر منٹوں میں اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ 

چین کے پاس ایسی ٹیکنالوجی آنے کے نتیجے میں امریکا کا اینٹی بیلسٹک ڈیفنس سسٹم ناکام ہو سکتا ہے، ا مریکا نے یہ نظام الاسکا میں نصب کر رکھا ہے جو شمالی قطب سے آنے والے کسی بھی خطرے کو نشانہ بنا سکتا ہے لیکن چائنیز ٹیکنالوجی سے تیار ہونے والا نیا ہائپر سونک میزائل جنوب سے امریکا کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 

اس واقعے نے امریکی انٹیلی جنس حکام کو صدمے کی کیفیت میں اور ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ چین نے ہائپر سونک ہتھیاروں کی تیاری میں زبردست اور حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین اور تائیوان کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں دیکھیں تو چین کی یہ بڑی چھلانگ ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافہ کرے گی۔ اس حوالے سے چین کی وزارت دفاع کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ 

یاد رہے کہ چین کے علاوہ، امریکا، روس اور پانچ دیگر ممالک ہائپر سونک ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہین اور گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے اعلان کیا تھا کہ اس نے نئے تیار کردہ ہائپر سونک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

تازہ ترین