• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ترکی میں کثیرالملکی جنگی مشقوں میں پاک فوج کی شرکت ، اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کابرادر اسلامی ملک میں والہانہ خیرمقدم نیز سیاسی و عسکری قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور پاک ترک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر اتفاق بلاشبہ کئی حوالوں سے اہم پیش رفت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ترکی میں پیر کی شام اور منگل کی صبح ہونے والی کثیرالملکی فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔مشقوں میں میزبان ملک کے علاوہ پاکستان، سعودی عرب، امریکہ، برطانیہ، بلجیم ، قطر،آذر بائیجان اور دیگر ممالک کے دستوں نے شرکت کی۔ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہلوسی اکار نے مشقوں کے معائنے کیلئے آمد پر جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کیا جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی فوجی مشقوں میں پاکستان کی شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس سے پاک ترک تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔پاکستان میں دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے آپریشن ضرب عضب کی شکل میں جو فیصلہ کن کارروائی کی گئی ہے جنرل راحیل شریف نے صدر اردوان کو اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ترک قیادت نے اس پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاک ترک تعلقات میں اضافے کو دونوں ملکوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری قرار دیا۔ترکی کی موجودہ قیادت نے پچھلے دو عشروں میں اپنے ملک کو جس طرح مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا ہے وہ پوری مسلم دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ ترکی ہر دور میں پاکستان کا انتہائی قابل اعتماد اور مخلص دوست رہاہے ۔ موجودہ ترک قیادت پورے عالم اسلام کیلئے خیرخواہی اور دورمندی کے گہرے جذبات رکھتی ہے ۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ پاکستان اور پوری مسلم دنیا کو آج جس مشکل علاقائی اور عالمی صورت حال کا سامنا ہے اس میں زندگی کے مختلف شعبوں میںپاک ترک تعاون میں اضافے سے نہ صرف ترکی اور پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کیلئے بہتری کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
تازہ ترین