• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹاک ایکسچینج تیسرے روز زبردست تیزی ، 710 پوائنٹس بڑھ گئے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی معیشت کے بارے میں مثبت رپورٹ کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو زبردست تیزی رہی اور 100انڈیکس میں 709.94پوائنٹس کے اضافے سے 37700کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ۔ سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 49ارب روپے سے زائد کا اضافہ جبکہ کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 15.49 فیصد کم جبکہ 79.30 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔خام تیل کی عالمی قیمتوں میں ریکوری اور دیگرکئی مثبت اطلاعات کے باعث حکومتی مالیاتی ادارے اور مقامی بروکریج ہاؤسز توانائی ،ٹیلی کام ، فرٹیلائزر،سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں سرگرم نظرآئے، جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 37800 کی بلندسطح پر بھی ریکارڈ کیا۔ تاہم آخری سیشن میں اتار چڑھاؤ کے بعد 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا ۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس709.94پوائنٹس اضافے سے 37786.57 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 343 کمپنیوں کے حصص کا کاروبارہوا ، جن میں سے 272 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ، 49 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 22 کمپنیوں کے حصص بھاؤ میں استحکام رہا ۔ بدھ کو سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 49ارب 96 کروڑ 71 لاکھ 17ہزار 639 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 75کھرب 84 ارب 17 کروڑ 93لاکھ 45 ہزار 14روپے ہو گئی ۔ بدھ کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 13 کروڑ 42 لاکھ 75 ہزار 100 شیئرز رہیں، جو منگل کے مقابلے میں 2 کروڑ 46 لاکھ 25 ہزار شیئرز کم ہیں ۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے رفحان میز کی سرگرمیاں سرفہرست رہیں ، جس کے حصص کی قیمت 226.57 اضافے سے 7600.00 روپے اور باٹا پاک کے حصص کی قیمت 169.00 روپے اضافے سے4000.00 روپے ہو گئی ۔ نمایاں کمی آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ، جس کے حصص کی قیمت 24.50 روپے کمی سے 945.00 روپے جبکہ فیروز 1888 کے حصص کی قیمت 17.44 روپے کمی سے 331.51 روپے پر بند ہوئی ۔ بدھ کو 30 انڈیکس 466.94 پوائنٹس اضافے سے 21655.23 پوائنٹس جبکہ آل شیئرز انڈیکس 500.25 پوائنٹس اضافے سے 25298.80 پوائنٹس پر بند ہوا ۔
تازہ ترین