• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج کرپشن،حامدسعید کاظمی کی سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی حج کرپشن کیس میں سزا کی معطلی اور عید سے قبل ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔حامد سعید کاظمی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت بدھ کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کی۔ اس موقع پر حامد سعید کاظمی کے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ انکے موکل کو سپروائزری کردار کی وجہ سے سزا سنائی گئی،یہ اسی طرح ہے کہ سیکرٹریٹ کے کسی کلرک کی کرپشن پر وزیراعظم کو پکڑ لیا جائے۔ حامد سعید کاظمی کا حجاج کیلئے عمارتیں کرائے پر حاصل کرنے میں کوئی کردار نہیں ، ان پر کمیشن اور کک بیکس وصولی کا بھی کوئی الزام نہیں ، سعودی حکومت نے منیٰ میں بد انتظامی پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور حامد سعید کاظمی کی کوششوں سے سعودی حکومت نے حاجیوں کو 66 لاکھ 65 ہزار ریال کی رقم واپس کی، حامد سعید کاظمی جیل رپورٹ کے مطابق 2 سال 4 ماہ قید کاٹ چکے ہیں۔ اس موقع پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر محمد اظہر چوہدری نے کہا کہ حامد سعید کاظمی حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب گئے اور فرنٹ مین احمد فیض کی مدد سے بغیر واش روم زیر تعمیر عمارتوں کی منظوری دی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ عمارتیں زائد کرائے پر حاصل کر نے سے قومی خزانے کو ایک ارب 8 کروڑ 88 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے حامد سعید کاظمی کی سعودیہ میں احمد فیض سے ملاقات کی تصاویر بھی عدالت میں پیش کیں اور کہا کہ سعودی حکومت نے فی حاجی پانچ ہزار روپے سپریم کور ٹ کے نوٹس کے بعد واپس کئے جس میں سابق وفاقی وزیر کا کوئی کردار نہیں تھا ۔ فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔بعد ازا ںکمرہ عدالت کے باہر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر محمد اظہر چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ حج کرپشن کیس کے ملزم اللہ کے مجرم ہیں ، حامد سعید کاظمی نے اپنے فرنٹ مین احمد فیض کے ذریعے رقم حاصل کی اور 2011 میں حامد سعید کاظمی کے فارن کرنسی اکائونٹ میں 13 ہزار 340 برطانوی پائونڈز منتقل ہوئے۔ 
تازہ ترین