• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران مشرقِ وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کررہا ہے، عادل الجبیر

پیرس (صباح نیوز) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ایران کی مشرق وسطی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے کوششوں پر انتباہ کیا ہے۔ پیرس میں گزشتہ روز اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں مارک آیرو کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں انھوں نے کہا ہے کہ پوری دنیا یہ بات جانتی ہے کہ ایران ہمارے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایران معمول کے تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے تو اس کو اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کرنا چاہئے، الجبیر نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے ملک کے صدر کے انتخاب کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ وہ بہت جلد لبنان کے دورے پر جائیں گے۔ اس موقع پر انھوں نے فرانس کا مشرق وسطی میں قیام امن کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں شام میں جاری بحران پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا ہے اور روس پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اتحادی شامی صدر بشار الاسد پر باغیوں کے ٹھکانوں اور خاص طور پر حلب شہر پر بمباری رکوانے کے لئے دبائو ڈالے۔ ڈاکٹر عادل الجبیر نے واضح کیا کہ شامی صدر بشار الاسد کے بارے میں سعودی مملکت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور انھیں اقتدار چھوڑنا ہوگا۔
تازہ ترین