• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ایم ایس 2‘‘کا سٹیشن میڈوہال کے بجائے شفیلڈ کے وسط میں بنانےفیصلہ

شفیلڈ(نمائندہ جنگ )شفیلڈ کیلئے مجوزہ ہائی سپیڈ ٹرین ’’ایم ایس 2‘‘کا سٹیشن میڈوہال کے بجائے اب شفیلڈ کے وسط میں بنائے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ ایچ ایس 2لمیٹڈ کے چیئر مین سر ڈیوڈ ہگنز نے اس فیصلہ کی اطلاع اپنے دورہ شفیلڈ کے دوران ایک اجلاس کے دوران دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے 55.7 بلین پونڈ کے اس منصوبہ میں مزید بچت کے لئے ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ اور ایچ ایس 2لمیٹڈ پر شدید دباؤ تھا،اس مقصد کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ میڈو ہال کی بجائے ایچ ایس 2کا سٹیشن وسط شہر رکھنے سے768ملین پونڈ کی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ7جولائی کو باضابطہ طور منظر عام پر لائے جانے والی اس رپورٹ میں شامل سفارشات کی حتمی منظوری کے سیکرٹری آف سٹیٹ فارٹرانسپورٹ ہی مجاز ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ اپنا فیصلہ اور اس کا اعلان موسم خزاں تک کر دیں گے ۔ شفیلڈ سٹی کونسل لیڈر کونسلر جولی ڈور نے اس فیصلہ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شفیلڈ اور اہلیان شفیلڈ کے لئے اس فیصلہ کو ایک بہت بڑی خوشخبری قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک طویل عرصہ سے جدوجہد کر رہے تھے کہ ایچ ایس 2کا سٹیشن میڈوہال کی بجائے وسط شہر میں رکھا جائے،مجھے خوشی ہے کہ ہماری کوششیں بار آور ہوئیں اور حکومت نے آخر کار ہمارا مطالبہ تسلیم کر ہی لیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ کے نتیجہ میں ملازمتوں کے ساڑھے چھ ہزار سے زائد مواقع اور ایک ہزار رہائشی مکانات فراہم ہوں گے جبکہ اکانومی کو پانچ بلین پونڈ کا فائدہ ہو گا۔جولی ڈور نے ان تمام سیاسی سماجی ٹریڈ و انڈسٹری کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے یک زبان ہو کر حکومت کو اس تبدیلی کے لئے مجبور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ریفرنڈم کے بعد پیدا ہونے والی غیر یقینی کی کیفیت میں یہ خوشخبری ہم سب کے لئے ہوا کے خوشگوار جھونکے کی مانند ہے۔
تازہ ترین