• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز اختیارات کا معاملہ، پیپلز پارٹی قیادت دبئی میں سر جوڑ کر بیٹھ گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں رینجرز کے اختیارات اور صوبے میں اس کے مزیدقیام کے معاملے پر جاری ڈیڈ لاک کے خاتمے کی غرض سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت دبئی میں سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے اور اتوار کو ہونے والے باضابطہ اجلاس سے قبل ہفتہ کی شب وہاں غیر رسمی مشاورتی عمل شروع ہوگیا ہے جس میں پارٹی کے  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئر مین آصف علی زرداری، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کے علاوہ دوسرے رہنمائوں نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ دبئی اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور، سندھ کے وزیرداخلہ سہیل انورسیال، سینئروزیرخزانہ سید مراد علی شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیربرائے قانون مرتضیٰ وہاب ہفتہ کو الگ الگ پروازوں سے دبئی روانہ ہوئے تھے۔ دبئی روانگی سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ  رینجرزاختیارات میں توسیع کا فیصلہ دبئی میں پارٹی قیادت کے مشاورت سے کیا جائے گا۔باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو  رینجرز اختیارات کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال اور کور کمانڈر کراچی سے اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے کہا کہ پاک فوج اور رینجرز نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جو قابل ذکر اور شاندار کردار ادا کیا ہے پیپلز پارٹی اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سندھ میں ہمیشہ اس کی یہ کوشش رہی ہے کہ قومی ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے یہی وجہ ہے کہ سندھ میں بڑے تواتر کے ساتھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس بھی منعقد ہوتے رہے ہیں تاہم پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی یہ رائے تھی کہ تمام قومی ادارے آئین و قانون میں متعین کردہ اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں اور کوئی ادارہ بھی اپنی حدود سے تجاوز نہیں کرے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی تمام قومی اداروں کا احترام کرتی ہے اور وہ ان سے ٹکراؤ کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتی۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ افہام و تفہیم کے ماحول میں طے کیا جائے گا تاکہ سندھ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جاسکے۔
تازہ ترین