• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عشرت العباد کے ترجمان کا بیان ایک تنہا اور مایوس شخص کی بوکھلاہٹ کا مظہرہے، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیر مملکت برائے مذہبی اُمور ، عالمگیر شہر یافتہ براڈکاسٹر اور ممتاز صحافی و تجزیہ نگار ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نےعشرت العباد کے ترجمان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اِسےایک تنہااور مایوس شخص کی بوکھلاہٹ اور تلملاہٹ کا مظہر قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میرے والدین کی تربیت اور میرے نسب کا یہ تقاضا نہیں کہ عامیانہ اور گِری ہوئی زبان کا جواب گِرے ہوئے انداز میں دوں لیکن میں محترم عشرت العبادکو یہ یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اختیارات کی کُرسی اور اقتدار کا سنگھاسن انتہائی کمزوراور ناپائیدار ہوتے ہیں جن کی قوت پر بھروسا کر کے تکبر اور غرور کرنے والے ہمیشہ رُسوا ہوئے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ موصوف اِس منصب تک کیسے پہنچے یہ داستان کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اور جو شخص اپنے محسن کو دھوکا دے سکتاہے وہ مستی میں کسی بھی ہر دل عزیز شخص کے لیے اگر بڑبڑاتا رہے تو یہ کوئی اچنبھے کی با ت نہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ مجھے ایک انتہائی غیر محفوظ اور ناقابلِ اعتبار شخص کو یہ بآور کرانےکی قطعاً ضرورت نہیں کہ میں اور میرا خاندان اُن کے چھوٹے ذہن سے کتنا بڑا ہے تاہم اُنہیں اب یہ سمجھ لینا چاہیے کہ جن سیکیوریٹی اِداروں کے بل بوتے پر اور ایجنسیز کا نام لے کر وہ عوام اور اپنی سابقہ جماعت کو دھوکا دیتے آئے ہیں وہ بھی اب اُن پر بھروسا کرنے کو تیار نہیں کیونکہ اُن کی دوغلی شخصیت کے خطرناک زاویے پھانسی سے قبل صولت مرزا کے بیان کے بعد واضح ہوچکےہیں۔اُنہوںنے کہا کہ عشرت العباد نامی شخص کسی کا بھی نمائندہ نہیں اور بہت جلد وفاق اِس آمر سے جان چھڑالے گا جسکے پاس سوائے اِس فخر کے اور کچھ نہیں کہ اِس نے ایک طویل عرصے سے صوبے کی جان نہیں چھوڑی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جس صوبے کے آئینی سربراہ کویہی نہیں معلوم ہو کہ ایک معروف شخص کی گاڑی تھانے میں بلاجواز بند رہی ہے اورجوڈیشل مجسٹریٹ نے اِس عمل پر برہمی کا بھی اظہار کیا ہے اُسےگورنر ہاؤس سے باہر نکل کرکسی اچھے ذہنی معالج سے اپنا معائنہ کرانے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک ہی کمرے میں ۱۴سال کی گھٹن بھی دماغ پر کافی بُرے اثرات چھوڑتی ہے جسکی تباہ کاریاں اب واضح ہوتی جارہی ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ اگر میرے اِس جوابی بیان کے بعد بھی عشرت العباد کے ترجمان کو مزید بیانات کا بخار چڑھا تو حقائق کی دوائیاں کافی مقدار میں میرے پاس موجود ہیںجن کے ذریعے اُن کا علاج کافی حد تک ممکن ہوسکے گاتاہم مجھے یقین ہے کہ اِس کے بعد مزید دوائی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی انشا اللہ۔قبل ازیں گورنر ہاؤس سے ایک بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق  گورنر ہائوس کے ترجمان نے ٹی وی اینٹرٹینر Entertainer عامر لیاقت کےبیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ایما پر پولیس و سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی CPLC نے انکی کسی بھی گاڑی کو اپنی تحویل میں نہیں لیا۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز کے دستیاب پولیس ریکارڈ کے مطابق عامر لیاقت نامی کسی بھی شخص کی کوئی گاڑی تحویل میں نہیںلی گئی۔ گورنر سندھ نے ہمیشہ آئین و قانون کی پاسداری کی اور وہ ہمیشہ سے لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سرگرم رہے ہیں۔ صوبہ کی ایک غیرمتنازعہ، آئینی عہدے کی حامل شخصیت کیخلاف بلا سوچے سمجھے حقائق کےبرعکس اس طرح کا بیان کہ ’’مجھے کچھ ہوا تو اسکے ذمہ دار گورنر سندھ ہوں گے‘‘ مضحکہ خیز اور سستی شہرت کے سوا کچھ بھی نہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ گورنر سندھ تو ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہے ہیں۔
تازہ ترین