• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری سرور تحریک انصاف کے اندرونی معاملات سے ناخوش ایک ماہ سے پاکستان نہیں گئے

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ) سابق گورنر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما محمد سرور پارٹی کے اندرونی معاملات سے خوش نہیں ہیں، اسی لیے ایک ماہ سے زیادہ عرصہ ہوگیا، وہ پاکستان واپس بھی نہیں گئے۔ محمد سرور کے ایک قریبی ذریعے نے بتایا کہ سابق گورنر پنجاب عیدالفطر کے موقع گلاسکو آئے تھے اور تب سے گلاسکو ہی میں مقیم ہیں اور انکی پاکستان واپسی کی بھی کوئی تاریخ طے نہیں ہے ۔ ذریعے نے بتایا کہ محمد سرور نے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے بے حد محنت کی اور پارٹی ورکرز کا جمہوری مینڈیٹ حاصل کرنے کیلئے پورے پنجاب میں مہم چلائی، لیکن پارٹی الیکشن کے غیر معینہ التوا نے انھیں مایوس کردیا ، حالانکہ انھیں پنجاب میںپی ٹی آئی کی لیڈرشپ ملنے کی قوی امید تھی۔ ذریعے نے بتایا کہ محمد سرور نے عمران خان کے فیصلوں کو قبول کیا ہے، انکے پاس کوئی اور چوائس بھی نہیں ہوتی لیکن وہ محسوس کرتے ہیں کہ انکی محنت رائیگاں گئی اور پارٹی الیکشن کو ملتوی کرنا ایک غیر جمہوری عمل تھا، جبکہ محمد سرور اس حوالے سے بے حد پرجوش تھے۔ تاہم محمد سرور کے سپورٹرز کا کہنا ہے کہ وہ بہ سلسلہ علاج گلاسکو میںمقیم ہیں  اور مکمل فٹ ہونے پر پاکستان واپس چلے جائیں گے ۔ گلاسکو سے سابق لیبر پارلیمنٹرین اور برطانیہ کے پہلے مسلم ایم پی نے گورنر پنجاب بننے کیلئے اپنی برطانوی شہریت چھوڑدی تھی۔ نواز شریف، شہباز شریف اور بے نظیر بھٹو کی جلاوطنی کے دنوں میں وہ ان رہنماؤں کے بے حد قریب ہوگئے اور انھوں نے پاکستان میں جمہوریت کیلئے مہم چلائی۔
تازہ ترین