• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیراعلیٰ بنائے جانے کا سب سے زیادہ امکان

کراچی( اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پی پی ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیر اعلی بنائے جانے کا امکان ہے جو سابق وزیر اعلی سندھ مرحوم عبداللہ شاہ کے فرزند ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی اعلی قیادت پر شاہ گروپ کا دباؤہے کہ وزیراعلی ان ہی کے گروپ میں سے ہونا چاہیے۔ حالانکہ سینئر وزیر نثار کھوڑو، آغا سراج درانی اور منظور وسان بھی وزارت اعلی کے مضبوط امیدوار ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کا  اگلا وزیر اعلی بھی شاہ ہوگا۔کراچی سے خورشید عباسی کی رپورٹ کے مطابق  سندھ کے نئے نامزد وزیر اعلیٰ اہم سیاسی شخصیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنمائوں  میں سے ایک ہیں۔ وہ 8 نومبر 1962 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کے پاس وزیر خزانہ سندھ کے علاوہ سندھ کے وزیر بجلی و آب پاشی کا بھی عہدہ ہے۔انہوں نے اقتصادی نظام میں اسٹینفورڈ یونی ورسٹی کیلیفورنیا، امریکا سے1987 میں ماسٹر کیا، اس کے علاہ سول اسٹرکچرل انجینئرنگ میں  اسٹینفورڈ یونی ورسٹی کیلی فورنیا، امریکا سے ہی 1987 میں ماسٹر کیا۔این ای ڈی یونی ورسٹی، کراچی سے 1986 میں انہوں نے  سول ٹیکنالوجی میں بی ای کیا۔پیشے کے لحاظ سے وہ ایک انجینئر ہیں جب کہ اس کے علاوہ ان کے پاس  فنانس میں ماسٹر کی ڈگری بھی ہے۔وہ واپڈا میں 1986-89 تک جونیئر انجینئر بھی رہے۔اس کے علاوہ  1991 میں پورٹ قاسم اتھارٹی میں ایگزیکٹیو انجینئر کے عہدے پر فائز رہے۔1986 میں حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں اسسٹنٹ انجینئر رہے اور کراچی فش ہاربر اتھارٹی میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے  پر بھی کام کرتے رہے۔فی الوقت وہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کے رکن ہیں۔
تازہ ترین