• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجا ب جرائم کی آماجگاہ بن چکا ہے،وہاں پررینجرز کیوں نہیں آتی، لطیف کھوسہ

دبئی (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پنجا ب میں دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں وہ جرائم کی آماجگاہ بن چکا ہے، وہاں پررینجرز کیوں نہیں آتی، پاکستان میں 2 ماہ تک کوئی وزیر اعظم نہیں تھا۔ وہ اتوار کو دبئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کی اعلیٰ قیا دت نے دبئی طلب کیا ہے۔ آزاد کشمیر میں انتخابات شفاف اور منصفانہ نہیں ہوئے۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج معصوم کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے۔ پاکستان کا ہر بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ وہاں کے لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور جنرل راحیل شریف بہترین سپہ سالار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان بینرز لگوا کر نواز شریف کی چھٹی کرانا چاہتے ہیں تاکہ وہ خود وزیر اعظم بن سکیں۔ ان کی ہمیشہ سے وزیر اعظم کی کرسی پر نظر رہی ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ رینجرز کی حدود و قیود کا مسئلہ آج حل ہو جائیگا۔ رینجرز کو پہلے بھی اختیارات دئیے تھے۔ رینجرز اور پولیس نے مل کر کراچی میں امن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی خود مختاری میں وزیر داخلہ مداخلت نہیں کر سکتے۔ چوہدری نثار صبر کریں ہمیں بار بار دھمکیاں نہ دیا کریں۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ شریف خاندان نے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ قانون کا اطلاق ہمارا حق ہے ہم نیب سے رجوع کریں گے۔ شہباز شریف نے 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ میثاق جمہوریت کا مطلب لوٹ مار کا ساتھ دینا نہیں ہے۔ سینیٹر لطیف کھوسہ نے کہاکہ پانامہ لیکس پر نواز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف ریفرنس دائر کیا۔ پانامہ پیپرز سامنے آنے کے بعد ہمارے حکمران نااہل ہو گئے ہیں۔ نواز شریف کی جانب سے انکم ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پورے پاکستان میں رینجرز آپریشن ہونا چاہیے۔ وزیر قانون پنجاب پر 22 قتل کا الزام ہے۔
تازہ ترین