• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ملک میں غیرمحتاط ڈرائیونگ کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے ۔آئے دن ٹریفک کے حادثات میں لوگوں کی زندگی کے چراغ گل ہو جاتے ہیں۔ گزشتہ روز لاہور میں غیرمحتاط ڈرائیونگ کی وجہ سے چار افراد زندگی سے گئے۔ ایک تیزرفتار ڈمپر نے ایک رکشہ اور موٹرسائیکل سوار کو ٹکرمار دی جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت چاافراد ہلاک جبکہ ایک خاتون سمیت چار زخمی ہوگئے۔ مشتعل افراد نے سڑک بلاک کرکے اس پر شدید احتجاج کیا ۔ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہور کی طرح ایسے غیرمحتاط ڈرائیونگ کے واقعات کراچی اور ملک کے دوسرے بڑے شہروں میں بھی ہوتے رہتے ہیں ۔تیزرفتاری کی وجہ سے بیگناہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلا جاتا ہے۔ ان حادثات کی زیادہ تر وجہ غیرمحتاط ڈرائیونگ اور ٹریفک کے اصولوں کی خلاف ورزی ہی ہوتی ہے۔ اسی طرح قومی شاہراہوں پر بس اورٹرک ڈرائیور اندھا دھند تیزرفتاری کرتے ہیں اور بعض اوقات ان کے درمیان تیزرفتاری کا مقابلہ بھی ہوتا ہے۔ بس ڈرائیور اوورٹیکنگ کرتے ہوئے راہ گیروں کو کچل دیتے ہیں۔ ان حادثات میں ٹرک، بس اور کار ڈ رائیور گرفتار تو ہوتے ہیں مگر ان کو قرار واقعی سزائیں نہیں دی جاتیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں اول تو بڑی جانچ پڑتال کے بعد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جاتے ہیں اورحادثہ خصوصاً تیزرفتاری کی صورت میں تاحیات لائسنس منسوخ کردیئے جاتے ہیں ۔ ہمارے ملک میں لائسنس کے اجرا کے لئے سخت قوانین موجود نہیں ہیں اور ڈرائیونگ کی تربیت کا بھی کوئی مناسب اوربہتر انتظام نہیں ہے۔ ضرورت ہے کہ سڑکوں پر معصوم اور بیگناہ افراد کی ا موات کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔ یہ لوگ ملک کا اثاثہ ہیں جو غیرمحتاط ڈرائیونگ کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ اس لئے ہر صورت میں ڈرائیونگ لائسنس کی پابندی کرائی جائے۔ اس حوالے سے باقاعدہ تربیت کا نہ صرف انتظام کیا جائے بلکہ ٹریفک پولیس کے ذریعے عوام میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے!!
تازہ ترین