• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے وزیراعلیٰ کی تیاریاں شروع، بلاول آج کراچی آکر فیصلہ کریں گے، مراد علی شاہ کی عشرت العباد سے ملاقات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ بلاول بھٹو زرداری آج دبئی سے کراچی آکر نئے وزیراعلیٰ کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے سب سے مضبوط امیدوار مراد علی شاہ نے آج گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی جس میں صوبہ میں امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں دبئی سے کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے تیار ہوں، پارٹی فیصلے کا احترام کرتا ہوں ، پارٹی جو بھی ذمہ داری دے کام کروں گا، میرے نام پر پارٹی میں کوئی کھلبلی نہیںمچی، پیرپگارا سے ملاقات میں صوبے کے مفاد میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے، دیگر جماعتوں کو بھی مل کر کام کرنے کی دعوت دیتا ہوں، رینجرز اختیارات سے متعلق سمری پر موجودہ وزیراعلیٰ ہی دستخط کرینگے۔جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، میرا دور حکومت کیسا رہا اس کا فیصلہ عوام کرینگے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری جمعہ 29 جولائی کو گورنر ہاؤس میں ہو گی ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لیں گے ۔ قبل ازیں جمعہ کی صبح سندھ اسمبلی کا اجلاس منعقد ہو گا ، جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائیگا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بدھ کی بجائے منگل کی رات 8 بجے بلاول ہاؤس میں طلب کر لیا ہے ، جس میں پیپلز پار ٹی کے ارکان سندھ اسمبلی سے سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ کے بارے میں مشاورت کی جائیگی۔ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مراد علی شاہ کو نیا وزیراعلی سندھ نامزد کرنے کا امکان ہے جبکہ صوبائی کابینہ میں بھی آدھے سے زائد نئے وزراء لیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کر کے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائیگا،نئے وزیر اعلی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا ٹاسک دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سید مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے ۔ اس ضمن میں پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔ نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری سے پہلے پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ کابینہ کے ارکان کے ناموں کو بھی حتمی شکل دیدے گی ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیرون ملک میں موجود تمام ارکان سندھ اسمبلی کو فوری طور پر کراچی طلب کر لیا ہے ۔ امریکا میں موجود نثار احمد کھوڑو اور ترکی میں موجود منظور وسان بھی کراچی کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ دریں اثناء سندھ کے سینئر وزیر خزانہ اور سندھ کی وزارت اعلیٰ کیلئے مضبوط امیدوار سید مراد علی شاہ دبئی میں پیپلزپارٹی کے ہونے والے اجلاس میں شرکت کے بعد پیر کو دبئی سے کراچی پہنچ گئے ۔ آئندہ دو دن میں سندھ اسمبلی کی جانب سے انہیں قائد ایوان منتخب کرنے کا امکان ہے ، ان کے ہمراہ ارکان سندھ اسمبلی امداد پتافی اور مکیش چاولہ بھی تھے ۔ مراد علی شاہ نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اہم اجلاس کراچی میں طلب کیا ہے ،جس میں اہم فیصلے ہونے ہیں تاہم دبئی میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں بھی کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور رینجرز اختیا را ت سے متعلق سمری پر موجودہ وزیراعلی ہی دستخط کریں گے۔ مراد علی شاہ سے جب پوچھا گیا کہ انہیں صوبے کا نیا وزیراعلی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس پر انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا اور اگرمجھے وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا تو میں عوام کی بہترطریقے سے خدمت کروں گا۔ پیپلزپارٹی کے دبئی اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی تبدیلی اور نئے متوقع وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے نام سامنے آنے کے بعد پیپلزپارٹی کے ورکرزکی ایک بڑی تعداد مٹھائی لیکرمراد علی شاہ کی رہائشگاہ پہنچی اورانہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اپنی رہائش گا ہ کے سامنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کا ورکر ہوں قیادت جہاں ذمہ داری دیگی کام کروں گا اورپارٹی نظم وضبط کے مطابق عوام کی خدمت کروں گا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میرے نام پر پارٹی میں کوئی کھلبلی نہیں مچی ہے، جہاں تک سینئرزکی بات ہے میں بھی گزشتہ گیارہ سالوں سے پارٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا ممبر ہوں۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر دبئی میں پیر پگاراسے ملاقات کی ہے جس میں سندھ میںساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق ہواہے دیگرجماعتوں سے بھی تعا و ن کیلئے ملوں گا اورسندھ کے مفاد میں مل جل کرکام کرنے کی دعوت دوں گا۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نئے وزیراعلی سندھ کا حتمی فیصلہ کل ہونے والے پار لیما نی پارٹی کے اجلاس میں ہوگا، قیادت جو بھی فیصلہ کریگی سب کیلئے قابل قبول ہوگا۔ مراد علی شاہ سے جب پوچھا گیا کہ انہیں صوبے کا نیا وزیراعلی بنانے کا فیصلہ تو کرلیا گیا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت جو فیصلہ کریگی وہ منظور ہوگا۔دریں اثناء سندھ کے سینئر وزیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پیر کی شام گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ان کی گورنر سندھ سے ملاقات کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ گورنر ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں صوبہ میں امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی ریلیز کی صورتحال کے بارے میں گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔گورنر سندھ نے صوبائی وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزکی ریلیزکو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبے مقررہ وقت پر ہی مکمل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو زیادہ سے سہولیات فراہم کرنا ہے اس ضمن میں ترقیاتی منصو بو ں کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہی ہے ۔دریں اثناء وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ دبئی میں پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد پیرکی دوپہر واپس کراچی پہنچ گئے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت جو فیصلہ کریگی، تسلیم کروں گا ۔میرا دور حکومت سندھ میں کیسا رہا، اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ دبئی اجلاس میں پارٹی نے اہم فیصلے کیے ہیں ۔نیا وزیراعلی چننے کا اختیار میرے پاس نہیں ہے اور نہ ہی میں کسی کا نام دے سکتا ہوں۔یہ فیصلہ پارٹی کے چیئرمین ہی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گورنر سندھ سے ملاقات کی جلدی نہیں اور میرا دور حکومت کیسا رہا ،اس کا فیصلہ عوام کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنا استعفیٰ گورنر سندھ کو پیش کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری کی دبئی سے واپسی کے بعد پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہو گا،جس میں نئے وزیراعلی کے نام کو حتمی شکل دی جائے گی ،جسکے بعد نئے نامزد وزیراعلی ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔ اسی روز گورنر ہائو س میں عہدے کا حلف بھی اٹھا ئیں گے۔
تازہ ترین