• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے سیکورٹی تعلقات مزید بڑھانا چاہتے ہیں ، ناصر جنجوعہ

تہران (جنگ نیوز) پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ خارجی طاقتیں سازشیں کرکے عالم اسلام کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں، ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، پاکستان ایران کے ساتھ سیکورٹی اور اقتصادی تعلقات مزید بڑھانا چاہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل علی شمخانی سے تہران میں ملاقات کےدوران کیا جبکہ علی شمخانی نےکہا کہ اپنی سرحد پر دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی کرنے والے ممالک کو سخت جواب دیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ خارجی طاقتیں سازشیں کرکے عالم اسلام کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں، ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، پاکستان ایران کے ساتھ سیکورٹی اور اقتصادی تعلقات مزید بڑھانا چاہتا ہے ، پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کی راہ ہموارہ ہوگئی ہے۔ادھر ایرانی نیوز ایجنسی فارس کے مطابق علی شمخانی نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ ہم ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی بھی ملک اسلحہ کی فراہمی اور دہشت گردوں کو کرایے پر استعمال کرتے ہوئے دونوں ممالک (ایران اور پاکستان) کے تعلقات کو نقصان پہنچائے یا ہماری مشترکہ سرحدوں پر بدامنی پھیلا ئے ۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی روابط اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ایڈمرل شمخانی نے دونوں ملکوں کے درمیان کثیرجہتی تعلقات کی وسعت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ علاقائی بدامنی اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی دہشتگردی دونوں ممالک کے لئے مشترکہ خطرہ ہے اس لئے ایران اور پاکستان کو چاہئے کہ باہمی تعاون کی فضا کو مزید وسعت دیں۔علی شمخانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی اعلی قیادت نے ہمیشہ باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور مزید برآں دونوں ممالک عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لئے بھی اپنے مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں ایران اور پاکستان کی بندرگاہوں کے روشن مواقع اور پوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی بندرگاہیں ایک دوسرے کے لئے مفید ثابت ہوں گی جس سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ علی شمخانی نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک اسلامی ملک اسلام دشمنوں کی خواہش پر اپنے پیسے اور اپنی صلاحیت جنگ اور خطے میں دہشتگردی کے پھیلائو کیلئے استعمال کر رہا ہے اور مقبوضہ فلسطین اور غزہ کی پٹی پر مظلوم فلسطینی عوام کی مصائب پر آنکھیں بند کرکے ناجائز صہیونی ریاست سے خفیہ تعلقات قائم کر رہا ہے۔ دریں اثناء ناصر جنجوعہ نے ایران کے وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی سے بھی ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات کی گئی۔ عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور اسٹرٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے ملاقات کی دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔
تازہ ترین