• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں نیگلیریا سےایک اور ہلاکت، تعداد 2ہو گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں نیگلیریا سےایک اور ہلاکت ہوگئی ہے جس کے بعد رواں سال شہر میں نیگلیریا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2ہوگئی ہےتاہم محکمہ صحت سندھ اور واٹر بورڈ کی جانب سے پانی میں کلورین ملانے کےلئے تاحال کوئی خاطر خواہ اقد اما ت نہیں جارہے ۔ انسداد نیگلیریا کمیٹی کے فوکل پرسن ڈاکٹر ظفر مہدی کے مطابق شانتی نگر گلشن اقبال کےرہائشی 17سالہ احمد ولد جمشید کو چند دن قبل دھوراجی پر قائم نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھاجس کےخون کے طبی تجزیوں کے بعد اس میں نیگلیریا کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور 24جولائی کو فوت ہو گیا ۔ واضح رہے کہ رواں سال نیگلیریا سے ایک ہلاکت بھی ہو چکی ہے جبکہ چند دن قبل شہر کےتقریباً 50فیصد علاقوں سے لئے جانے والے پانی کے نمونوں میں کلورین کی مقدار بھی غیر تسلی بخش پائی گئی تھی ۔پانی کے 40سے 50فیصد نمونوں میں کلورین کی مقدار صفر آئی تھی ۔ ماہرین صحت کے مطابق نیگلیریا ایک لاعلاج اور جان لیوا مرض ہے جس کا جرثومہ پانی میں کلورین نہ ہونے کی وجہ سے نشونما پاتا ہے اور ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچ جاتا ہے جس سے انسان کی موت واقع ہو جاتی ہے ۔ نیگلیریا سے بچاؤ صرف پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار پورا کرنے اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
تازہ ترین