• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں فوجی گاڑی پر حملہ، 2 سیکورٹی اہلکار شہید

کراچی‘اسلام آباد (اسٹا ف رپورٹر‘ایجنسیاں ) کراچی میں صدر پارکنگ پلازہ کے قریب فوجی گاڑی پرنامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے‘لانس نائیک عبدالرزاق موقع پر جبکہ سپاہی خادم حسین اسپتال میں دم توڑگیا‘فائرنگ کے بعد علاقے میں خو ف وہراس پھیل گیا اوربھگدڑ مچ گئی‘ڈاکٹرز کے مطابق ملزمان نے دونوں اہلکاروں کے سر‘چہرے اور سینے کو ہدف بنایا‘پولیس کا کہناہےکہ اہلکاروں پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی ہے ،ملزمان نے گاڑی کے عقب سے اہلکاروں کو نشانہ بنایا ‘تفتیش کیلئے ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے‘تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمان نے اسلحہ کے ساتھ کیچرلگارکھاتھااس لئے جائے وقوعہ سے کوئی خول نہیں ملاجبکہ پولیس نے تین عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ کی ہے‘وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعہکا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اورکراچی پولیس چیف سے رپورٹ طلب کر لی‘انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے ‘وزیراعظم نواز شریف نے فوجی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے‘ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کو پٹری سے اتارنے کی اجازت نہیں دینگے‘ دہشت گردوں کو کراچی کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے‘ امن دشمنوں کا ہرصورت قلع قمع کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بریگیڈ تھانے کی حدود پارکنگ پلازہ کے قریب منگل کی سہ پہر سیکورٹی ادارے کی ڈبل کیبن پک اپ  نمبر 07GJ-1821 نیو پریڈی اسٹریٹ سے صدر کی جانب آ رہی تھی،گاڑی نے پارکنگ پلازہ کے اختتام پر بائیں جانب ٹرن لیا اور تھوڑی دور جا کر جیسے ہی دائیں جانب مڑنے لگی تو نامعلوم موٹر سائیکل سوار دو دہشت گردوں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے‘ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دونوں سیکورٹی اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جس کے باعث گاڑی قریب واقع فٹ پاتھ پر چڑھنے کے بعد دیوار سے جا ٹکرائی اور رک گئی‘فائرنگ کے بعد علاقے میں خو ف وہراس پھیل گیا اوربھگدڑ مچ گئی‘واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو اداروں نے دونوں زخمی اہلکاروں کو گاڑی سے نکال کر جناح اسپتال منتقل کیا ‘انچارج شعبہ حادثات جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ایک اہلکار لانس نائیک عبد الرزاق شہید ہو چکا تھا جبکہ دوسرے زخمی سپاہی خادم حسین کی جان بچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا‘جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر انیس بھٹی کے مطابق دونوں اہلکاروں کے سر ، چہرے اور سینے کو ہدف بناکر ملزمان نے فائرنگ کی‘شہید عبدالرزاق نوشہرو فیروز جبکہ شہید خادم حسین دادو کا رہائشی بتایا جاتا ہے‘بعد ازاںدونوں میتوں کو جناح اسپتال سے پی این ایس شفاء منتقل کیا گیا‘کراچی پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ کے وقت دونوں اہلکار وں نے وردیاں پہن رکھی تھیں‘ پولیس اعلامیہ کے مطابق منگل کو4بجکر15منٹ پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے عسکری ادا ر ے کی گاڑی پر بزدلانہ حملہ کیا جس سے دو اہلکار لانس نائیک عبد الرزاق اور سپاہی خادم حسین شہید ہوگئے ‘ عینی شاہدین کے مطابق دو موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کی‘گاڑی کا فرانزک معائنہ کروایا گیا ہے اور اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم اس واقعہ کی مکمل تفتیش کر رہی ہے ‘تفتیش کے لئے ایک ٹیم بھی بنائی گئی ہے جس کا سربراہ ڈی آئی جی ہے۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس‘ رینجرز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور نیو پریڈی اسٹریٹ کو بند کر  کے ٹریفک کو دوسری جانب موڑ دیا گیا جبکہ جائے وقوعہ کو سیل کرکے کرائم سین کی طرف جانے سے میڈیا سمیت ہر شخص کو روک دیا گیا‘اس دور ا ن تفتیشی اداروں نے جائے سے شاہد اکٹھے کیے ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور میڈیا کو بتایا کہ واقعہ میں چھوٹے ہتھیار استعمال ہوئے ہیں‘ اب تک پولیس کے پاس کوئی عینی شاہد نہیں آیا ہے، فائرنگ کے وقت گاڑی میں دو ہی اہلکار موجود تھے جو شہید ہوگئے ہیں‘تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے 3عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کی ہے‘ڈی آئی جی ساؤتھ منیراحمدشیخ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق  موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے بائیں جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی‘تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے کوئی خول نہیں ملا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسلحہ کے ساتھ کیچر بھی لگایا گیا تھا جسکی وجہ سے گولیوں کے خول نیچے گرنے کے بجائے کیچر میں گرے اور ملزمان انھیں اپنے ساتھ لے جانے میں کا میا ب ہو گئے ، انچارج کرائم سین یونٹ ایسٹ طارق جدون کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک سکہ ملا ہے تاہم خول نہیں ملا۔ انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کے مطابق اہلکاروں پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی ہے ،ملزمان نے گاڑی کے عقب سے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکراگئی ۔ ترجمان سندھ پولیس کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر پارکنگ پلازہ کے قریب حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایڈ یشنل آئی جی کراچی سے وقوعہ کی جملہ تفصیلات اورپولیس کاروائی  سے متعلق جامع انکوائری پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی ہے ‘پاک فوج نے کراچی میں فوجی گاڑی پر حملے میں دو اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے ،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے فوجی گاڑی کوصدرپارکنگ پلازہ کے قریب نشانہ بنایا، فوجی اہلکارصدرپارکنگ پلازہ کے قریب معمول کی ڈیوٹی پرتھے۔دریں اثناٗء پاک فوج کے 2جوانوں کی نماز جنازہ منگل کی شب اولڈریس کورس گراؤنڈکینٹ میں ادا کردی گئی جس میں صوبائی وزیر داخلہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی،نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ‘شہداءکی نماز جنازہ میں تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ‘ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
تازہ ترین