• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرکے حکومت کیخلاف نیا محاذ کھولنا چاہتے ہیں

اسلام آباد( محمدصالح ظافر+خصوصی تجزیہ نگار) الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی میں شامل حکومتی اور حزب اختلاف کےارکان نے اس امرپر شدید حیرت ظاہر کی ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نئے ارکان کی تقرری کے سلسلے میں حددرجہ غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس معاملے کو جان بوجھ کر باعث نزاع بنانا چاہتے تھے انہوں نے اپنی پارٹی کی طرف سےرکنیت کے لئے جس شخصیت کو نامزد کیا تھا وہ فنی بنیادوں پر نااہل تھی اس کا کوئی دوسرا مقصد نہیں تھا وہ  چاہتے تھے کہ یہ تقرر کسی طریقے سے عمل میں آجائے اور وہ ان کی تعیناتی کواعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرکے حکومت کے خلاف نیا محاذ کھول دیں گے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربرا ہ نے ایف آئی اے کے سابق نیک نام سربراہ طارق مسعود کھوسہ کانام لیا تھا کہ انہیں پنجاب سے کمیشن کے رکن کے طورپر شامل کرلیا جائے ایک تو ان کی عمر 65سال سے متجاوز تھی جو الیکشن کمیشن کا رکن بننے کے لئے نااہلی کے زمرے میںآتی ہے۔ دوسرا ان کے حقیقی بھائی وزیر اعظم نواز شریف کے انتہائی مقرب بیورو کر یٹ ہیں۔ جسے عمران خان تنازعہ کی اضافی بنیاد بناتے۔ ان ارکان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے ارکان کے خلاف ایجی ٹیشن شروع کیاتھا۔ جس کا رخ بعدازاں حکومت کے خلاف موڑ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے 2014 ء کے اپنے دھرنے کی بنیاد بنایا۔ ارکان نے رائے ظاہر کی ہے کہ اگر عمران خان 2013ء کے انتخابات میں ارکان کے بارے میں اپنے الزامات کے حوالے سے سنجیدہ ہوئے تووہ نئے ارکان کے چنائو میں دلجمعی کا مظاہرہ کرتے انہوں نے نئے ارکان کے تقرر کے عمل میں ناقابل فہم حد تک غیرسنجیدگی کامظاہرہ کیاہے جس سے ظاہر ہوتاہے کہ قومی سیاست میںاپنے امکا نا ت کے ضمن میں وہ پورے طور پر مایوس ہو چکے ہیں اب ان کی تمام تر سرگرمیوں کا دائرہ محض چند قریبی افراد تک محدود ہو گیا ہے۔ وہ حکومت کے سلسلے میں صرف ان امور میں دلچسپی لیتے ہیں جن کے ذریعے وہ ہنگامہ آرائی کرسکیں اور حکو مت کو برابھلا کہہ سکیں۔ ارکان نے اس خدشے کا اظہا ر کیاہے کہ وہ جلد حزب اختلاف کے اپنے ان رفقا کی جانب  اپنی توپوں کا رُخ کریں گے۔ جن کے سہارے وہ حالیہ مہینوں میں کافی نمایاں رہے اور قبل ازیں بھی اپنی اپنی دشنام طرازی کاہدف بناتےرہے ہیں۔
تازہ ترین