• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سبکدوش ہونے والے چار ارکان کی جگہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نئے ارکان نے بدھ کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے اس طرح کمیشن کی تشکیل مکمل ہو گئی ہے اور وہ پوری طرح فعال ہو گیا ہے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے جو پہلے سے کام کر رہے ہیں نئے ارکان سے حلف لیا، ان میں پنجاب سے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی، سندھ سے عبدالغفار قریشی، بلوچستان سے جسٹس (ر) شکیل بلوچ اور خیبر پختونخوا سے خاتون رکن جسٹس (ر) ارشاد قیصر شامل ہیں کمیشن کے ارکان کی تقرری حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی نے متفقہ طور پر کی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب سے مقرر ہونے والے رکن پر اعتراض کیا تھا لیکن پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے ارکان کی تقرری آئینی طریقہ کار کے مطابق طے پا گئی ہے اس لئے تحفظات کے باوجود ان کی پارٹی کمیشن کو تسلیم کرتی ہے، کمیشن کے ارکان کی تقرری میں تاخیر پر سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں جن میں وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی اس پرعدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ 27جولائی تک نئے ارکان کی تقرری مکمل کر لی جائے اس حکم پر عملدرآمد کے بعد توقع ہے کہ زیر سماعت درخواستوں کو نمٹا دیا جائے گا۔ اسی طرح پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ کی تکمیل اور قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلیوں کے آٹھ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔ نئے ارکان اپنی دیانت داری اور اہلیت کی بنیاد پر چنے گئے ہیں ان کی اپنی کوئی سیاسی پسند یا ناپسند نہیں ہے۔ ان کے ذمے انتخابات کرانے اور انتخابی عذر داریاں نمٹانے کی ذمہ داری ہے جو وہ مکمل غیر جانبداری سے پوری کریں گے اسی بنا پر امید کی جا رہی ہے کہ اگلے عام انتخابات تمام شکوک شبہات سے مبرا، صاف و شفاف منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہوں گے اور ملک میں جمہوریت مضبوط ہو گی۔



.
تازہ ترین