• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر فورس کا اجلاس، پاکستان اور بھارت کا آئندہ سیزفائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق

لاہور(وقائع نگار،صباح نیوز)پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔بھارتی سرحدی سکیورٹی کا اعلیٰ سطحی وفد ڈائریکٹر جنرل کرشن کمارکی سربراہی میں برا ستہ اسلام آباد لاہور پہنچا جہاں ان کا استقبال پنجاب رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر فاروق اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔لاہور میںپنجاب رینجرز اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے جس میں قیدیوں کے تبادلے ، سرحد پرمشترکہ گشت ، منشیات اور دیگر اشیا ءکی سمگلنگ کو روکنے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل شری کرشن کمار شرما نے بھارت اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی نقل و حرکت پر بات کی گئی جبکہ اجلاس میں بارڈرکے دونوں جانب مارے جانے والے سمگلروں کی تعداد اور تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا جس کے بعد اتفاق کیا گیا کہ آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے ایک دوسرے سے رابطے بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔اجلاس کے دوران بی ایس ایف کی جانب سے پٹھان کوٹ واقعے کو ایجنڈے کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کی گئی جسے ڈی جی رینجرز پنجاب نے مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پٹھان کوٹ حملہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے اور پاکستان واقعے کی تحقیقات کیلئے اپنی ٹیم بھارت بھیج کر تعاون کا عملی مظاہرہ کرچکا ہے جبکہ پٹھان کوٹ واقعہ کا بارڈر معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔آججمعرات کو بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا اور مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا۔ ذمہ دار عسکری ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کی سکیورٹی فورسز کے حکام قیدیوں کے تبادلے، بارڈر پر مشترکہ گشت اور سمگلنگ کی روک تھام کے لئے حکمت عملی وضع کرنے پر آمادہ ہوجائینگے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ دونوں ملکوں کی سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے واقعات کو روکا جائے۔بھارتی سکیورٹی فورسز کا وفد آج 28  جولائی کو وطن واپس چلا جائے گا۔ 
تازہ ترین