• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین چار گنا ریٹ فیئر مارکیٹ ریٹ کے طور پر ایف بی آر کو تجویز کر دیئے

٭…اسلام آباد (حنیف خالد) ملک بھر کے رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں، لینڈ ڈولپرز اور بلڈرز نے حب الوطنی کے جذبے کے تحت قومی خزانے میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے غیر منقولہ پراپرٹی کے مروجہ ڈسٹرکٹ کلکٹر ریٹ سے کراچی اسلام آباد پشاور راولپنڈی فیصل آباد ملتان حیدر آباد سکھر مردان گوجرانوالہ گجرات سرگودھا سیالکوٹ کوئٹہ وغیرہ میں تین چار گنا ریٹ فیئر مارکیٹ ریٹ کے طور پر ایف بی آر کو تجویز کر دیئے ہیں جبکہ لاہور کے فیئر مارکیٹ ریٹ دو سے تین گنا ڈی سی ریٹ سے زیادہ تجویز کئے ہیں ۔ بدھ کی شام چھ بجے ملک بھر کے رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں، لینڈ ڈویلپرز اور بلڈرز کے بڑے قومی وفد نے اسلام آباد ڈویلپرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری نصیر احمد کی قیادت میں ایف بی آر عہدید ار وں سے ملاقات کرکے کراچی لاہور اسلام آباد راولپنڈی پشاور کوئٹہ سکھر حیدرآباد لاڑکانہ ملتان فیصل آباد گوجرانوالہ گجرات سیالکوٹ جہلم ایبٹ آباد مردان اور دوسرے بڑے 21 شہروں کی غیر منقولہ پراپرٹی کے فیئر مارکیٹ ریٹ تحریری طور پر تجویز کر دیئے رات گئے تک ایف بی آر کے چیئرمین نثار محمد، ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی رحمت اللہ خان وزیر،  چیف وشنو راجہ قوی، سیکرٹری قاضی حفظ الرحمٰن، سیکرٹری حسن سردار ایف بی آر کے مقرر کردہ کرا چی لاہور کے پراپرٹی کی فیئر قیمت کے تعین کے ماہرین تجویز شدہ فیئر مارکیٹ ریٹ کا تقابلی جائزہ اپنے اور ایف بی آر کے چیف کمشنروں کے بجھوائے گئے غیر منقولہ پراپرٹی کے فیئر مارکیٹ ریٹ کے ساتھ موازنہ (MATCH) کرتے رہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق جمعرات (آج) کو دن گیارہ بجے رئیل اسٹیٹ ایجنٹس لینڈ ڈویلپرز بلڈرز کا وفد ایوانہائے صنعت و تجارت کے کل پاکستان وفاق (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عبدالرئوف عالم سینئر نائب صدر، اسلام آباد ڈویلپرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری نصیر احمد کی قیادت میں کراچی کے راجہ مظہر کلیم خان، لاہور کے میجر (ر) رفیق، پشاور کے ارسلا خان اور ان کے ساتھی ایف بی آر جائیں گے جہاں وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان، چیئرمین ایف بی آر نثار محمد، ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی رحمت اللہ خان وزیر، چیف وشنو راجہ قوی، ایف بی آر کے مقرر کردہ پرائیو یٹ کمپنیوں کے لاہور کراچی کے چاروں اویلیورز مل بیٹھ کر 21 بڑے شہروں اور سو کے قریب شہروں کی غیر منقولہ پراپرٹی کے فیئر پرائس ریٹ پر اتفاق رائے کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق مذا کرا ت کا دوسرا دور جمعرات کی شام کو ہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات نجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی شرکت خارج ازامکان نہیں ہے۔ ایف بی آر کے ایک سینئر عہدیدار نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر کہا کہ جمعرات کی شام تک انشاء اللہ ایف بی آر اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ڈویلپرز بلڈرز کے نمائندے ملک وقوم کے بہترین مفاد میں ڈی سی ریٹ کے تین چار گناغیر منقولہ پراپرٹی کے فیئر پرائس ریٹ طے کر لیں گے جن کی حتمی منظوری وزیر خزانہ  اسحاق ڈار دیں گے ایسی صورت میں 31 جولائی 2016 کو ملک بھر کی غیر منقولہ پراپرٹی کے فیئر مارکیٹ ریٹ کا نوٹیفکیشن آئندہ اتوار تک جاری کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق رئیل اسٹیٹ ایجنٹس، اویلیورز ڈویلپرز بلڈرز اور ایف بی آر کے الگ الگ فیئر مارکیٹ ریٹ کو میچ (MATCH) کیا جائے گا مذاکرات میں تینوں ریٹ کا ملٹی پلائرز (MULTIPLIERS) اور فیصد تناسب نکالا جائے گا ۔
تازہ ترین