• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پراپرٹی انوسٹمنٹ ریگولرائز کرنے کیلئے ایمنسٹی اسکیم لانے پر رضامند

کراچی (رپورٹ / سہیل افضل) پراپرٹی میں ہونے والی انوسٹمنٹ کو ریگولرائزکرنے کے لیے حکومت ایمنسٹی اسکیم لانے پر رضا مند ہو گئی ہے اسکیم کا نام پراپرٹی انوسٹمنٹ ریگولرائزیشن اسکیم ہو گا اس کے تحت یکم جولائی 2016ء سے پہلے خریدی گئی پراپرٹی اور اس میں انوسٹمنٹ کو نئی ویلیوایشن کے مطابق قانونی تحفظ حاصل ہو جائے گا ، ایف بی آر ذرائع کے مطابق اسکیم کا مقصد ڈاکومینٹیشن ہے ،مذاکرات میں شامل ذرائع کے مطابق پرا پرٹی کی خرید و فروخت اور ویلیو ایشن کے تنازع کو حل کرنے کے لیے حکومتی ٹیم اور اسٹیک ہولڈرز میں بیشتر معا ملا ت طے پا گئے ہیں بدھ کو باہمی مذاکرات میں بلڈرز، ڈو یلپرز اور پراپرٹی ڈیلرز کی جانب سے ڈی سی ویلیو اور کرنٹ ویلیو کا تفصیلی چارٹ حکومتی ٹیم کو پیش کیا گیا جس کا جائزہ لینے کے بعد جمعرات کو صبح 11بجے دوبارہ ان ریٹس پر بحث ہو گی ریٹس کو حتمی شکل دینے کے بعد اسکیم وزیر اعظم کے سامنے رکھی جائے گی اور وزیر اعظم کی منظوری کے بعد اسکیم اور نئے ریٹس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ بلڈرز، ڈویلپرز اور پراپرٹی ڈیلرز کے مطا لبے پر حکومت پراپرٹی کی ویلیو ایشن کیلئے اسٹیٹ بینک کے ویلیورز تعینات کرنے کے مسئلے سے پہلے ہی اصولی دستبردار ہوچکی ہے اب تمام اسٹیک ہولڈرز کے مطالبے پر فکسڈ فارمولے کے تحت نئی ویلیوایشن کے مطابق ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
تازہ ترین