• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا‘وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو(آج) سہ پہر 3بجے اسمبلی بلڈنگ میں منعقد ہوگا ‘اجلاس کی صدارت اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کریں گے ۔وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار سید مراد علی شاہ اور تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیرزمان کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 91ہے جبکہ تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں 3ارکان ہیں ۔توقع ہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ سندھ اسمبلی کے 168 کے ایوان میں 86سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے ‘بعد ازاں وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگیجہاںگورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبا د خان نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے‘سندھ اسمبلی میں جمعرا ت کو وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی صبح 9بجے سے شام 5بجے تک اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے گئے‘پیپلزپارٹی کے سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے چار کاغذات نامزدگی جمع کرائے‘جانچ پڑتال کے بعد چاروں کاغذات درست قرار دیئے گئے ۔سید مراد علی شاہ کے تجویز کنندہ قائم علی شاہ جبکہ تائید کنندہ نثار احمد کھوڑو تھے۔پیپلزپارٹی کے ڈاکٹرسکندر میندھرو نے کورنگ امیدوار کے طورپر کا غذ ات نامزدگی جمع کرائے جبکہ دوسرے کورنگ امیدوار جام مہتاب ڈہر تھے‘ دونوں کورنگ امیدواروں کے کاغذات بھی درست قرار پائے گئے ۔تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیر زمان کے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی بھی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دے دیئے گئے ۔بعد ازاں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 7 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے تھے ، جو درست قرار پائے گئے ہیں ۔ ان میں 4 کاغذات نامزدگی سید مراد علی شاہ کے تھے جبکہ تین کاغذات نامزدگی خرم شیر زمان ، جام مہتاب حسین ڈہر اور ڈاکٹر سکندر میندھرو کے تھے‘ انہوں نے کہا کہ نئے قائد ایوان کا انتخاب جمعہ کو سہ پہر تین بجے سندھ اسمبلی میں شو آف ہینڈ کے ذریعہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے قائد ایوان کو اسمبلی کے کل ارکان کی سادہ اکثریت نہیں بلکہ اسمبلی میں اس وقت موجود ارکان کی سادہ اکثریت کی ضرورت ہو گی‘ اس سوال پر کہ منتخب وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ کب لیں گے ؟ آغا سراج درانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے جو رائے شماری ہو گی ، وہی ان کے لیے اعتماد کا ووٹ بھی تصور ہو گی ۔
تازہ ترین