• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم نے وزیراعلیٰ سندھ کے انتخابی عمل سے لاتعلق رہنے کا اعلان کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل سے احتجاجاً لاتعلق رہنے کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد ،قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور لائرونگ کے رہنما محفوظ یار خان نے جمعرات کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سید سردار احمد نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب میں غیر جانبدار رہے گی ‘خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ماضی میں ہم نے سید قائم علی شاہ کو بلامقابلہ منتخب کرنے کے جو نتائج شہری علاقوں کو ملے ہیں ان نتائج کا بھی جائزہ لیا ہے‘یہ نتائج افسوسناک ہیں‘ اس ایوان میں ایک ظالم اکثریت کی بناء پر فیصلے پر ہوتے ہیں‘ہم حمایت کریں یا مخالفت اس سے سندھ کو کوئی فائدہ نہیں ملے گا ۔اس لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم احتجاجاً وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب سے لاتعلق رہیں گے ۔ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ چہروں کے ساتھ پالیسیوں میں بھی تبدیلی آتی ہے یا نہیں لیکن اس کی امید نہیں ہے ‘ سندھ تباہ ہے‘تھر میں بچے مررہے ہیں اور پورے صوبے میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے ‘گزشتہ 8سال سے صوبے میں جو تباہی ہوئی ہے مراد علی شاہ اس کے برابر ذمہ دار ہیں ‘ رینجرز سمیت کسی بھی ادارے کو اختیار دینا ہے تو پورے صوبے تک دیا جائے ۔
تازہ ترین