• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے بنیادی اصول،’’پیپلز پاور ، پیپلز اتھارٹی اور پیپلز رول‘‘ پر یقین رکھتا ہوں،مراد علی شاہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میری تین ترجیحات ہیں ۔ عوامی خدمت ، عوامی خدمت اور عوامی خدمت ۔ میں پیپلز پارٹی کے بنیادی اصول ʼ’’پیپلز پاور ، پیپلز اتھارٹی اور پیپلز رول‘‘ پر یقین رکھتا ہوں، میری ترجیح تعلیم، صحت اور امن ہے، میں کوشش کروں گا کہ سندھ میں بہتر طرز حکومت نافذ کیا جائے،  انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے، افسروں کی میرٹ پر تقرریاں کی جائیں، امن وامان کی صورت حال کو مزید بہتر بنایا جائے، کرپشن کرپشن کی بات ہو رہی ہے، کرپشن کے بارے میں تاثر کو ختم کیا جائے، سندھ میں تبدیلی نظر آئے گی، یہ تبدیلی بیورو کریسی اور حکومت میں نظر آئے گی، میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا اور مجھے سب کے ساتھ کی ضرورت ہے، صاف ترین کراچی، سبز ترین تھر اور محفوظ ترین سندھ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں قائد ایوان اور وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے کے بعد اپنا پالیسی بیان دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں مل کر صاف ترین کراچی ، سبز ترین تھر اور محفوظ ترین سندھ کے لیے کام کرنا ہے ۔ میں اپنی پارٹی کی قیادت ، اپنے ساتھیوں اور سندھ کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔ انہوں نے سندھ کی بیورو کریسی کو بین السطور پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں صبح سویرے اٹھنے والا شخص ہوں ۔ صبح 9 بجے میں دفتر میں ہوتا ہوں ۔ کل ہفتہ ہے ، بچت ہو گئی ۔ سرکاری دفاتر بند ہوتے ہیں ۔ پیر کو جو بھی صبح اپنے دفتر میں نہیں ہو گا ، وہ خود دیکھ لے ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ میں اپنا کم سے کم پروٹوکول رکھوں گا اور اتنی ہی سکیورٹی ہو گی ، جتنی ضرورت ہو تاکہ لوگوں کو تکلیف نہ ہو ۔ میں رش کے اوقات میں شہر میں سفر نہیں کروں گا ۔ سید مراد علی شاہ میں اللہ تعالی کا مشکور ہوں ، جس کی مہربانیاں ہمیشہ مجھ پر رہی ہیں ۔ میں اپنے تمام ساتھیوں کا بھی شکر گزار ہوں ، جنہوں نے مجھ پر اور میری صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ میری والدہ کی دعاؤں اور والد کی رہنمائی نے مجھے اس مقام پر پہنچایا ۔ شہید بھٹو کا وژن میری گائیڈ لائن ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی میں بہت کمی محسوس کر رہا ہوں ، جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا ۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی میں شکر گذار ہوں، جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھ پر ذمہ داری سونپی ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس ایوان سب کو ساتھ لے کر چلوں گا ۔ مجھے سب کی مدد چاہئے۔ میں شاید اکیلا نہ چل سکوں۔ انہوں نے ایک انگریزی کہاوت بیان کی کہ اکیلا میں شاید تیز چل پاؤں لیکن لوگوں کے ساتھ میں زیادہ دور تک چل سکوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں افسروں کی تقرریاں میرٹ کے مطابق ہوں گی ۔ صحیح شخص کو صحیح کام دیا جائے گا ۔ کارکردگی کے مطابق افسروں کی تقرریاں اور ترقیاں کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں سید قائم علی شاہ کا بہت شکر گزار ہوں کہ آج سندھ میں امن وامان کی صورت حال بہت بہتر ہے اور اس میں مزید بہتری کی گنجائش بھی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میری سیاسی استاد تھیں لیکن حکومتی امور کے حوالے سے میرے استاد سید قائم علی شاہ ہیں ۔ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ پاکستان میں کوئی دوسرا ایسا شخص نہیں ہے ، جس کی اتنی طویل جدوجہد ہو ۔ وہ ہمیشہ مجھے اپنے ساتھ رکھتے تھے ۔ میں نے ان کی رہنمائی میں ہی سارا تجربہ حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر سید قائم علی شاہ کو خراج تحسین پیش کریں۔ ارکان نے کھڑے ہو کر ڈائس بجائے اور سید قائم علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نثار کھوڑو بھی میرے استاد ہیں ۔ میں نے ان سے بھی بہت کچھ سیکھا ہے ۔ میر ہزار خان بجارانی ، ڈاکٹر سکندر میندھرو اور دیگر سینئر رہنماؤں سے بھی میں نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ امید ہے کہ وہ میرا ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کا قیام حکومت کا فرض ہوتا ہے ۔ میری کوشش ہو گی کہ امن وامان بہتر ہو ۔ تعلیم کے شعبہ میں 5 سے 6 ہزار بند اسکولوںکو فعال بنایا جائے گا ۔ سندھ میں 55 فیصد بچے تعلیم سے محروم ہیں ۔ اس تناسب کو کم کیا جائے گا ۔ سندھ میں اسکول چھوڑنے کی شرح بھی زیادہ ہے ، اس کو بھی کم کیا جائے گا۔ صحت کے شعبے میں بھی میرے پاس پروگرام ہیں ۔ سندھ اسمبلی میں بہت اچھے اور تجربہ کار لوگ ہیں ۔ میں جلد اپنی ٹیم بناؤں گا ۔ انہوں نے کہا صوبے کا ہر شہری اپنے آپ کو محفوظ سمجھے ۔ ہر پیدا ہونے والا بچہ صحت مند ہو ۔ ماں اپنے بچوں کی پرورش بہتر انداز میں کر سکے اور ماں اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دلوا سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ وسائل سے مالا مال ہے لیکن یہاں مسائل سب سے زیادہ ہیں ۔ ہم سب مل کر ان مسائل کو حل کر سکتے ہیں ۔ پارٹی قیادت نے مجھ پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے ۔ میں کوشش کروں گا کہ اس ذمہ داری کو پورا کروں ۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں ۔ پیپلز پارٹی اپنی ساری پالیسیاں عوام سے رہنمائی حاصل کرکے بناتی ہے ۔ سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ترجیح دی ۔ میں ان کی توقعات پر پورا اتروں گا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت اقلیتوں اور خواتین کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیاد پر حل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرپشن کی بات ہو رہی ہے لیکن اب تبدیلی نظر آئے گی ۔ کرپشن کا یہ ناسور بہت پرانا ہے ۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ انکی پہلی ترجیح امن وامان ہے اور دوسری ترجیح کرپشن کے ناسور کا خاتمہ ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ پرانا ناسور ہے ۔ سندھ میں جو کرپشن کاتاثر پیدا کیا گیا ، وہ تاثر ختم ہوتا نظر آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کا بھی شکر گذار ہوں ۔ میڈیا مجھ پر تنقید کرے تاکہ مجھے پتہ چلے کہ میں کیا غلطیاں کر رہا ہوں ۔ اگر میں ٹھیک کام کرتا ہوں تو اس کی بھی تشہیر کی جائے تاکہ حکومت کی حوصلہ افزائی ہو۔
تازہ ترین